تلنگانہ پولیس میں عنقریب 18 ہزار بھرتیاں

شہر میں لا اینڈ آرڈر تلنگانہ کی ذمہ دار : ڈی جی پی انوراگ شرما
حیدرآباد 22 جون (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے محکمہ پولیس میں 18 ہزار مخلوعہ جائیدادوں پر بہت جلد تقررات عمل میں لائے جائیں گے ۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ مسٹر انوراگ شرما نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ ان مخلوعہ جائیدادوں میں مختلف زمرہ کی جائیدادیں شامل رہیںگی ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں مکمل اختیارات تلنگانہ پولیس کو حاصل رہیں گے اور لا اینڈ آرڈر کی برقراری تلنگانہ پولیس کے اختیار میں رہیں گے ۔ مسٹر انوراگ شرما نے بتایا کہ تلنگانہ کیلئے تین نئے بٹالینس کی تشکیل کیلئے منظوری حاصل ہوچکی ہے ۔ ان بٹالینس میں ایک نئی بٹالین ورنگل میں قائم کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل پولیس کمشنریٹ دفتر عمارت کی تعمیر کیلئے 5.50 کروڑ روپئے مختص ہیں ۔ انوراگ شرما نے کہا کہ تلنگانہ بشمول حیدرآباد میں امن و ضابط کی برقراری کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی بلکہ امن و ضبط کی برقراری کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے ۔