حیدرآباد۔/26اپریل ، ( این ایس ایس ) سی پی آئی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر ریاست تلنگانہ کو ’’ پولیس ریاست ‘‘ میں تبدیل کردینے کا الزام عائد کیا۔ مختلف تنظیموں سے تعلق رکھنے والے غیر منظم ورکرس کے 12 روزہ دکھشا کا افتتاح کرنے کے بعد پارٹی ریاستی سکریٹری سی وینکٹ ریڈی نے دھرنا چوک کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت ایسے افراد کی آواز کو دبارہی ہے جو تحریک شروع کرنا چاہتے ہیں۔ چیف منسٹر نے محکمہ پولیس کو تمام سہولیات فراہم کرتے ہوئے کافی مستحکم کردیاہے۔ انہوں نے محکمہ پولیس میں مخلوعہ جائیدادوں پر صد فیصد تقررات کئے حالانکہ دیگر محکمہ جات میں لاکھوں جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ ریاست کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کرتے ہوئے حکومت سے سوال کرنے والوں کی آواز کو دبایا جارہا ہے۔
رئیل اسٹیٹ قواعد کا عنقریب اعلان
خریدار کے مفادات کو ترجیح
حیدرآباد۔/26 اپریل، ( پی ٹی آئی) حکومت تلنگانہ بہت جلد رئیل اسٹیٹ ( ریگولیشن اینڈ ڈیولپمنٹ ) قواعد کا اعلان کرے گی۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے عہدیداروں کو قواعد کا مسودہ تیار کرتے ہوئے منظوری کیلئے حکومت کو پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مختلف ریاستوں میں تبدیل کئے گئے قواعد اور ساتھ ہی ساتھ مرکز کی جانب سے مرکزی زیر انتظام علاقوں کیلئے جاری کردہ قواعد کا جائزہ لے رہی ہے۔ خریدار کے مفادات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔