تلنگانہ پر کنٹرول کیلئے کانگریس سے اتحاد

نائیڈو موقف بدلنے میں ماہر، رکن کونسل پربھاکر کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے الزام عائد کیا کہ مخالف تلنگانہ چندرا بابو نائیڈو پھر ایک بار تلنگانہ پر اپنا تسلط قائم کرنے کیلئے کانگریس کی مدد حاصل کر رہے ہیں۔ رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر ، ٹی آر ایس کے سکریٹری جی رام چندر راؤ اور یوتھ ونگ کے صدر سرینواس یادو نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو تلگو دیشم کے نہیں بلکہ بچہ کانگریس پارٹی کے صدر ہیں۔ وہ نئی دہلی میں کانگریس صدر راہول گاندھی سے ملاقات کے ذریعہ دوبارہ تلنگانہ پر کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ کانگریس اور تلگو دیشم اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کے پربھاکر نے کہا کہ دونوں جماعتوں کا یہ ناپاک اتحاد عوام کو قبول نہیں ہوگا۔ چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ قائدین کے بغیر ہی راہول گاندھی سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ آندھراپردیش کے قائدین موجود تھے ۔ پربھاکر نے کہا کہ اس بات کا شبہ ہورہا ہے کہ انتخابات تلنگانہ میں ہے یا پھر آندھراپردیش میں۔