تلنگانہ پر وزارتی گروپ کا 4 فروری کواجلاس

نئی دہلی ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکز پارلیمنٹ کے 5 فبروری کو شروع ہونے والے سیشن میں تلنگانہ بل کو پیش کردے گا، حالانکہ چیف منسٹر آندھراپردیش نے ریاستی اسمبلی میں علحدہ ریاست کی قانون سازی پر مباحث کیلئے مزید وقت کی درخواست دی ہے۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ چونکہ آندھراپردیش اسمبلی کا فیصلہ چاہے کسی بھی نوعیت کا ہو، لازمی نہیں ہے، اس لئے مرکزی حکومت آندھراپردیش تنظیم جدید بل کو آنے والے پارلیمانی سیشن میں پیش کرتے ہوئے تلنگانہ کی تشکیل کے اپنے فیصلے پر پیشرفت کرے گی۔ وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ مرکزی حکومت پارلیمنٹ کے آئندہ سیشن میں تلنگانہ بل پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

دریں اثناء تلنگانہ پر مرکزی وزراء کے گروپ کا آئندہ اجلاس 4 فروری کو ہوگا، جس میں اس بل پر آئندہ کے اقدامات پر صدرجمہوریہ سے کی جانے والی سفارش سے قبل حکومت کے نظریہ کا تعین کیا جائے گا۔ وزیرداخلہ شنڈے، اس وزارتی گروپ کی قیادت کررہے ہیں۔ آندھراپردیش اسمبلی میں اس بل پر بحث مکمل کرنے کے مقصد سے چیف منسٹر نے صدرجمہوریہ سے درخواست کی ہیکہ وہ 30 جنوری تک مقررہ پہلے ہی توسیع شدہ مہلت میں مزید توسیع کریں۔ چیف منسٹر نے گذشتہ روز صدرجمہوریہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے استدلال پیش کیا تھا کہ ریاستی اسمبلی کو اس بل پر بحث کرنا باقی ہے جس کے بعد ہی اپنے کسی نظریہ کے ساتھ یا کسی نظریہ کے بغیر مرکزی حکومت کو واپس بھیجا جاسکتا ہے۔