نئی دہلی۔5مئی ( پی ٹی آئی)سپریم کورٹ نے آج تلنگانہ ریاست کے قیام کی غرض سے آندھراپردیش کی تقسیم کیلئے مرکز کے جاری کردہ اعلامیہ پر حکم التواء سے انکار کردیا ۔ جسٹس ایچ ایل دتّو کی زیر قیادت بنچ نے کہا کہ اس اعلامیہ پر عبوری حکم نامہ جاری نہیں کیا جاسکتا ۔ تاہم بنچ نے نئی ریاست قائم کرنے مرکز کے فیصلے کے دستوری جواز کا جائزہ لینے سے اتفاق کیا اور کہا کہ اس مقدمہ کی سماعت اگست میں کی جائے گی۔آندھراپردیش کی تقسیم کا مسئلہ عدالتی کشاکش کا اس وقت شکار ہوگیا جب سپریم کورٹ نے 7مارچ کو اس کا جائزہ لینے سے اتفاق کرتے ہوئے مرکز سے جواب طلب کیا تھا۔سپریم کورٹ نے مختلف افراد بشمول سابق چیف منسٹر آندھراپردیش کرن کمارریڈی کی دائر کردہ درخواستوں پر مرکز کو نوٹس جاری کی۔ان تمام نے ریاست کی تقسیم کو چیالنج کرتے ہوئے یہ دلیل پیش کی کہ مرکز کا یہ اقدام غیرقانونی اور غیر دستوری ہے ۔