ریاست کے تمام17 لوک سبھا حلقوں کیلئے رام مادھو ، نریندر تومر اور منگل پانڈے انچارج مقرر
حیدرآباد۔20 مئی (پی ٹی آئی) بی جے پی کے ریاستی صدر کے لکشمن نے کہا ہے کہ کرناٹک میں انتخابی عمل اب تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ تلنگانہ بھی ان ریاستوں میں شامل ہے جن پر بی جے پی اپنی توجہ مرکوز کرچکی ہے اور 2019ء میں یہاں بیک وقت ہونے والے لوک سبھا اور ریاستی اسمبلی انتخابات کے لئے یہ پارٹی خود کو سرگرم اور متحرک کررہی ہے۔ لکشمن نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’حال ہی میں بی جے پی کے صدر امیت شاہ جی کی صدارت میں ایک اجلاس دہلی میں منعقد ہوا تھا جس میں انہوں نے تلنگانہ پر توجہ مرکوز کی تھی۔ انہوں نے واضح طور پر ہم سے کہا تھا کہ کرناٹک میں اب انتخابات ہوچکے ہیں۔ ہم تلنگانہ، آندھرا پردیش، مغربی بنگال اور اڈیشہ پر توجہ مرکوز کریں گے‘‘۔ لکشمن نے کہا کہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے اور انتخابی منصوبہ تیار کرنے کیلئے آئندہ ماہ امیت شاہ کا دورہ تلنگانہ متوقع ہے۔ بی جے پی یہاں تنظیمی طور پر مستحکم ہے، اور اب یہاں پر پولنگ بوتھ سطح پر پارٹی کے استحکام پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ’’ پنا پرمکھ‘‘ کا تقرر کیا جائے گا جس کے تحت بی جے پی ورکرس ہر خاندان تک پہونچیں گے۔ پنا کے لفظی معنی ’صفحہ ‘ یا ’پیام رسانی ‘کے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ، نریندر مودی حکومت کے کارناموں کو اُجاگر کرے گی اور شاہراہوں ، ریلوے پراجیکٹوں ، اُجولا (مفت گیاس کنکشن) جیسے مختلف شعبوں کے تحت تلنگانہ کو مرکز کی طرف سے دیئے گئے فنڈس کی تفصیلات بیان کی جائیں گی۔ لکشمن نے کہا کہ بی جے پی کے جنرل سیکریٹری رام مادھو ، مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر اور بہار کے وزیر منگل پانڈے کو تلنگانہ میں لوک سبھا کے 17 حلقوں کی ذمہ داری دی گئی ہے اور وہ اس ریاست کا دورہ کریں گے۔