آئندہ ہفتہ پارلیمنٹ میں بل پیش کئے جانے پر غور ممکن
نئی دہلی 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)مرکزی کابینہ کا کل خصوصی اجلاس منعقد ہوگا جس میں تلنگانہ بل پر غور و خوص کیا جائے گا ۔آئندہ ہفتہ پارلیمنٹ میں بل پیش کئے جانے کی توقع کے درمیان اس مسئلہ کا جائزہ لینے کے لئے کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے کہا ہے کہ اس اہم مسئلہ پر وزارتی گروپ کے اجلاس کے بعد کابینہ میں بھی غور خوص کیاجائے گا۔ وزارتی گروپ نے آندھرا پردیش کی تقسیم سے متعلق مختلف مسائل کا جائزہ لیا ہے۔ وزارتی پیانل نے گمان کیا جاتا ہے کہ سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزراء کے مطالبہ پر غور کیا ہے۔
یہ وزراء حیدرآباد کو مرکزی زیر انتظام علاقہ قرار دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ وزارتی گروپ کا اجلاس چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کی جانب سے کل جنتر منتر پر منظم کردہ دھرنے کے بعد منعقد ہوا ہے۔ حیدرآباد کو تلنگانہ کا حصہ بننے سے روکنے کیلئے اپنی آخری جدوجہد میں شدت لاتے ہوئے سیما آندھرا کے ارکان اور مرکزی وزراء نے حیدرآباد کو مرکزی زیر انتظام علاقہ قرار دینے کامطالبہ کیا ہے۔