تیاریاں آخری مراحل میں ۔ تمام طبقات کو نمائندگی دینے پر غور
حیدرآباد /4 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کی عاملہ تشکیل دینے کی تیاری آخری مراحل میں ہے اور صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی صرف 30 قائدین پر مشتمل عاملہ تشکیل دینے کے حق میں اور جمبوعاملہ کی تشکیل کے خلاف ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ سماج کے تمام طبقات کو نمائندگی دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ اتم کمار ریڈی کو صدر اور ملو بٹی وکرامارک کو ورکنگ پریسیڈنٹ بناکر پانچ ماہ گزرچکے ہیں، تاہم تلنگانہ کانگریس کی نئی عاملہ تشکیل نہیں پاسکی۔ ذرائع نے بتایا کہ اے آئی سی سی نے عاملہ کی تشکیل کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کرکے سماج کے تمام طبقات کے علاوہ خواتین کو بھی مناسب نمائندگی دینے کی ہدایت دی ہے، جب کہ عاملہ کی تشکیل کیلئے اتم کمار ریڈی نے فہرست تیار کرلی ہے، تاہم حتمی فیصلہ سے قبل سینئر قائدان کی رائے حاصل کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ جنرل سکریٹریز، نائب صدور اور ارکان عاملہ کی تعداد کا علم ہنوز نہیں ہوسکا، کیونکہ پارٹی کے سینئر قائدین اپنے حامیوں کی فہرست روانہ کر رہے ہیں ۔ علاوہ ازیں تلنگانہ سے اے آئی سی سی کیلئے ناموں کی فہرست بھی تیار ہو رہی ہے۔ ذرائع کے بموجب راہول گاندھی کی ٹیم میں شامل کرنے چند نام روانہ کئے جا رہے ہیں، جس میں شمولیت کیلئے سابق وزرا اور سابق ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سابق میں اقلیتی قائدین محمد علی شبیر اور محمد فرید الدین کو عاملہ میں نائب صدر اور جنرل سکریٹری نامزد کیا گیا تھا، لیکن محمد علی شبیر قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل کے عہدہ پر نامزد ہو چکے ہیں، جب کہ محمد فرید الدین نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ہے، تاہم کئی مسلم قائدین تلنگانہ عاملہ میں شمولیت کے لئے پارٹی کی مقامی قیادت پر دباؤ ڈالنے چند سینئر قائدین کی تائید حاصل کر رہے ہیں۔