تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ نئی عاملہ کا عنقریب اعلان

ایک طاقتور اور متوازن عاملہ تشکیل دی جائے گی ، مسٹر خورشید احمد کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر خورشید احمد سعید نے کہا کہ تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کو تحلیل کردیا گیا ہے ۔ پارٹی میں سسٹم کے تحت اسٹیٹ کی نئی عاملہ اور اضلاع صدور کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا ۔ دہلی روانگی سے قبل مسٹر خورشید احمد سعید نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر خواجہ فخر الدین کو تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا صدر نامزد کرنے کے بعد ماضی میں جو کمیٹی تشکیل دی گئی تھی وہ خود بہ خود تحلیل ہوگئی ہے ۔ نئی کمیٹی تشکیل دینے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں ایک سسٹم ہے ۔ اس سسٹم کے تحت ہی نئی عاملہ اضلاع اور سٹی صدور کا اعلان کیا جائے گا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر خواجہ محمد فخر الدین اس معاملے میں کام کررہے ہیں ۔ انہیں مکمل آزادی دی گئی وہ اضلاع کے دورے کررہے ہیں اور اضلاع کے قائدین بھی ان سے ملاقات کررہے ہیں ۔ یہ بھی اپنی رپورٹ پیش کریں گے اور ساتھ ہی دوسرے قائدین بھی سفارش کریں گے۔ سب کا جائزہ لیتے ہوئے ایک طاقتور اور متوازن عاملہ تشکیل دی جائے گی ۔ پارٹی میں ڈسپلن ضروری ہے ۔ انہیں اطلاع ملی ہے کہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے لیے ایک صدر کا اعلان کیا ہے ۔ وہ اس مسئلہ پر برسر عام کوئی ردعمل کا اظہار کرنا مناسب نہیں سمجھتے کیوں کہ یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے ۔ بس اتنا کہنا چاہتے ہیں کہ پارٹی کا جو سسٹم ہے اس کے تحت ہی کام ہوگا ۔ پارٹی میں اتحاد بہت ضروری ہے ۔ گروپ بندیاں ٹھیک نہیں ہیں ۔ میں تلنگانہ میں پارٹی کے قائدین کو جوڑنے آیا ہوں اور ساتھ ہی اکثریتی اور اقلیتی قائدین اور کیڈر میں جو دوریاں ہیں وہ مٹانے کی کوشش کررہا ہوں تمام قائدین کی بھی یہی کوشش ہونی چاہئے تب ہی پارٹی مستحکم ہوگی اور پارٹی پر عوام کا اعتماد بڑھے گا ۔ پارٹی میں کام کرنے والوں کے لیے آگے بڑھنے کے بہت سارے مواقع ہیں ۔ مسٹر خواجہ فخر الدین بحیثیت صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ اپنی ذمہ داری بخوبی نبھا رہے ہیں ۔ وہ شخصی طور پر اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کو مستحکم کرنے کے علاوہ پارٹی کے تمام پروگرامس ، احتجاج وغیرہ میںبھی حصہ لے رہے ہیں ۔۔