آندھرا قائدین رکاوٹیں پیدا کرنے سے باز رہیں، وزیر آبپاشی ہریش راؤ کا بیان
میدک۔/29مئی ، ( این ایس ایس ) وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں آبپاشی پراجکٹس کو آندھرا کے قائدین کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ آج ضلع میدک میں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ پالامور۔ رنگاریڈی، ڈنڈی اور دوسرے پراجکٹس کو متحدہ ریاست آندھراپردیش کی حکومت کے دوران شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اب انہیں جنگی خطوط پر مکمل کرے گی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ان پرانے پراجکٹس کو مکمل کرنے کیلئے ہمیں آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو ، صدر اے پی سی سی این رگھویراریڈی اور صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ ہریش راؤ نے اس مسئلہ پر محض سیاسی مفاد کیلئے چیخ و پکار کرنے کے آندھرا قائدین کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے تلگودیشم پارٹی قائدین کو مہاناڈو میں اس وقت تالیاں بجاتے ہوئے دیکھا گیا جب ان کے آندھرا قائدین ہماری ریاست کے خلاف کہہ رہے تھے۔ تاہم ہمارے عوام انہیں ہماری ریاست کی ترقی میں حائل ہونے نہیں دیں گے۔ یہ یاد دلاتے ہوئے کہ پالامور اور کالیشورم پراجکٹس کو سابق حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے متحدہ ریاست کی تقسیم سے قبل شروع کیا گیا تھا، ہریش راؤ نے یہ جاننا چاہا کہ آیا چندرا بابو نائیڈو نے ہنڈرینوا، یو ٹی ریڈی پاڈو اور پٹی سیما پراجکٹس کیلئے اجازت لی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ جب اے پی کے قائدین ان کے مفادات کی بات کرتے ہیں تو ہم ہمارے مفادات کا تحفظ کریں گے اور پراجکٹس اور ندیوں سے پانی کا وہ حصہ جس کے ہم حقدار ہیں حاصل کریں گے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ چندرا بابو نائیڈو آر ڈی ایس کی بلندی میں اضافہ سے متعلق کاموں کو روکنے کی عمداً کوشش کررہے ہیں جسے تمام پرمیشنس ہیں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ ہمارے عوام انہیں ہمارے آبپاشی پراجکٹس میں رکاوٹ پیدا کرنے پر ایک سبق سکھائیں گے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اے پی قائدین کو آبپاشی پراجکٹس میں رکاوٹ پیدا کرنے سے گریز کرنا چاہیئے ورنہ انہیں عوام کے غضب کا سامنا کرنا ہوگا۔