تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے گروپ II اور پولیس رکروٹمنٹ امتحانات

سوالات کی نوعیت سے واقفیت اور تیاری پر دکن ریڈیو میں ایم اے حمید کے مشورے
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : گروپ II اور پولیس رکروٹمنٹ امتحان میں شریک ہونے والے امیدواروں کو نمونہ سوالات کے مطابق تیاری کرتے ہوئے اچھے نشانات کے حصول کا نشانہ بنانا چاہئے ۔ جس سے ملازمت مل سکے ۔ ان معلومات کو دکن ریڈیو 107.8 کے راست نشریہ پروگرام میں ایم اے حمید نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے اظہار کیا اور مشورہ دیا کہ وہ حالیہ امور نیشنل ، انٹرنیشنل اور ریاستی معلومات کے لیے اخبارات کا مطالعہ کریں اور جنرل نالج ، کرنٹ افیرس کے میگزین پڑھیں ۔ یہ امتحانات نہ صرف مسابقتی ہوتے ہیں بلکہ بغیر نصاب اور مخصوص کتب کے عام نوعیت کے ہوتے ہیں جس کے لیے امیدوار کو کئی کتب کا مطالعہ ناگزیر ہوجاتا ہے ۔ اچھے نشانات اور زیادہ سے زیادہ نشانات کے حصول سے ملازمت حاصل کرسکتے ہیں ۔ صرف کامیابی کوئی معنی نہیں رکھتی بلکہ حصول ملازمت کے لیے کٹ آف مارکس پر فہرست مکمل ہوجاتی ہے ۔ صدیقہ فاطمہ پروگرام کوآرڈینٹر نے بڑی عمدگی کے ساتھ سوالات کو مرتب کیا ۔ ان میں ریکارڈ کئے گئے سوالات کو شامل پروگرام کیا اور دوران پروگرام پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات دئیے ۔ امیدوار کسی بھی پوسٹ کے لیے فارم داخل کرنے سے پہلے اہلیت تعلیمی قابلیت ، عمر اور دیگر شرائط کو ملحوظ کرلیں پھر امتحانی سوالات کی نوعیت کے مطابق تیاری کریں ۔ انٹرمیڈیٹ کی بنیاد پر پولیس کانسٹبلس کے تقررات ہونے والے ہیں لیکن انجینئرس ، ایم بی اے ، پوسٹ گریجویٹ ہزاروں کی تعداد میں اس کے فارمس داخل کئے ۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے گروپ II کا امتحان 24 اپریل اور 25 اپریل کو رکھا گیا ہے جو چار پرچوں پر مشتمل ہے جب کہ پولیس رکروٹمنٹ کا تحریری امتحان 3 اپریل کو مقرر ہے جو 200 آبجکٹیو ٹائپ نوعیت کے سوالات پر ہوتا ہے ۔