مختلف محکمہ جات میں 1477 جائیدادوں پر تقررات کے لیے اعلامیہ جاری
حیدرآباد۔/3مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے مختلف محکمہ جات میں 1477 جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا اور اس کے ساتھ درکار اہلیت کی تفصیلات آج جاری کردی گئیں۔ محکمہ زراعت کے علاوہ ٹرانسپورٹ کانسٹبل اور پروبیشن اینڈ اکسائیز کانسٹبلس کی جائیدادوں کیلئے یہ اعلامیہ جاری ہوا ہے۔ اقلیتی طلباء کیلئے ان جائیدادوں میں تقررات حاصل کرنے کے امکانات کافی روشن ہیں۔ گریڈ II اگریکلچرل ایکسٹنشن آفیسر کی 1000 جائیدادیں ہیں جن کیلئے 4جون کو امتحان مقرر ہے۔ رکن تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن ڈاکٹر متین الدین قادری نے بتایا کہ اقلیتی طلباء ان جائیدادوں میں اہلیت کی بنیاد پر باآسانی منتخب ہوسکتے ہیں۔ اگریکلچرل ایکسٹنشن آفیسر گریڈ II کیلئے درکار اہلیت میں امیدوار کا بیچلر آف سائنس اِن اگریکلچر تین سالہ کورس کی ڈگری یا ڈپلوما اِن اگریکلچرل انجینئرنگ یا ڈپلوما اِن اگریکلچر پالی ٹیکنک یا ڈپلوما اِن اگریکلچر پالی ٹیکنک ( سیڈ ٹکنالوجی ) پلانٹ پروٹیکشن اینڈ آرگنک فارمنگ کی ڈگری شامل ہیں۔ اس عہدہ کیلئے پبلک سرویس کمیشن کی ویب سائیٹ پر آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 19مئی ہے۔ توقع ہے کہ امتحان 4جون کو منعقد ہوگا۔ اس عہدہ کیلئے بنیادی یافت 22,460 سے 66,330 رہے گی۔ پروبیشن اینڈ اکسائیز کانسٹبلس کی 340 جائیدادوں کیلئے امیدوار کی عمر یکم جولائی 2016کو 18 تا 28سال ہونی چاہیئے۔ عہدہ کی بنیادی یافت 15,460 تا 47,330 رہے گی۔ درخواستوں کے آن لائن ادخال کی آخری تاریخ 30مئی ہے۔ ٹرانسپورٹ کانسٹبلس کی 137جائیدادوں کیلئے امیدوار کا انٹر میڈیٹ یا اس کے مماثل امتحان میں کامیاب ہونا ضروری ہے۔ امیدوار کے پاس موٹر ڈرائیونگ لائسنس ہونا چاہیئے۔ اس عہدہ کی بنیادی یافت 16,400سے 49,870 رہے گی۔ آن لائن درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 30مئی مقرر کی گئی ہے۔ ڈاکٹر متین الدین قادری نے اقلیتی طلباء سے اپیل کی کہ وہ اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے امتحانات میں شرکت کریں۔ مزید تفصیلات پبلک سرویس کمیشن کی ویب سائٹ www.tspsc.gov.in ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔