تلنگانہ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی میں تقررات کیلئے 36126 درخواستوں کا ادخال

201 جائیدادوں پر تقررات ہوں گے، تحفظات کیلئے ترمیم کی کوئی گنجائش نہیں، جناب کمال الدین علی خان کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹیڈ (ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل) کی جانب سے مستقبل قریب میں 201 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لئے جاری کردہ اعلامیہ کی آخری تاریخ پر جملہ 36126 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ محکمہ برقی کی جانب سے 201 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لئے گزشتہ ماہ جاری کردہ اعلامیہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد کے علاوہ رنگاریڈی، میدک، محبوب نگر اور ورنگل سے تعلق رکھنے والے ہزاروں امیدواروں نے آن لائن درخواستیں داخل کردی ہیں۔ ان 201 جائیدادوں پر تقررات کے لئے تحریری امتحان اسی ماہ کے اواخر میں منعقد ہوں گے۔ ڈائرکٹر ایچ آر ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل جناب میر کمال الدین علی خان نے بتایا کہ 201 جائیدادوں پر جو تقررات ہونے ہیں اُن کے لئے تحریری امتحان کے بعد انٹرویوز بھی منعقد ہوں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے ساتھ ساتھ تحریری امتحان کے لئے نصاب بھی آن لائن دیا جاچکا ہے تاکہ درخواست گذار اپنے طور پر تیاری کرتے ہوئے امتحان میں شریک ہوسکیں۔ 201 جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں تحفظات کے متعلق اُنھوں نے بتایا کہ موجودہ محفوظ زمروں کے مطابق تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ ان میں کسی قسم کی ترمیم کی فوری طور پر کوئی گنجائش نہیں ہے۔ محکمہ کی جانب سے حالیہ عرصہ میں عہدیداروں کو فراہم کردہ ترقیات کے متعلق ڈائرکٹر ایچ آر نے بتایا کہ جملہ 502 عہدیداروں کو ترقیات فراہم کی گئی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل میں اتنے بڑے پیمانے پر ترقیات پہلی مرتبہ دی گئی ہیں تاکہ محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے۔ جناب میر کمال الدین علی خان نے بتایا کہ 3 عہدیداروں کو سی جی ایم کے عہدہ پر ترقی دی گئی ہے جبکہ 11 عہدیداروں کو ایس ای کے عہدہ پر ترقی دی گئی۔ 41 عہدیداروں کو ڈی ای کے عہدہ پر ترقی دی گئی جبکہ 110 اے ای کو اے ڈی ای کے عہدہ پر ترقی دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں 243 سب انجینئرس کو اے اے ای کے عہدوں پر ترقی فراہم کی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں جن میں مخلوعہ جائیدادوں پر فوری تقررات بھی شامل ہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ 201 مخلوعہ جائیدادوں کو پُر کرنے کا عمل مکمل ہونے کے بعد انتظامی اُمور میں بھی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے اعلامیہ کی اجرائی متوقع ہے۔ واضح رہے کہ جو 201 تقررات ہونے والے ہیں وہ تکنیکی عہدوں پر کئے جائیں گے۔ جبکہ انتظامی اُمور کے متعلق تاحال کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔