تلنگانہ پاور انجینئرس اسوسی ایشن کی ڈائری اور کیلنڈر کی رسم اجراء

حیدرآباد۔6جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ پاور انجینئرس اسوسیشن کی سال نو ڈائری اور کیلنڈر کی رسم اجرائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر تلنگانہ اسمبلی مسٹر مدھوسدھن چاری نے اسوسیشن کے عہدیداران اور ذمہ دارن کو سال نو کی مبارکباد پیش کی۔ آج یہاں انجینئرس اسوسیشن کے دفتر واقع خیر ت آباد میںمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مدھو سدھن چاری نے کہاکہ تلنگانہ کی تعمیر نو میںمحکمہ برقی کے عہدیداران کا رول نہایت اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کیلئے جس طرح محکمہ برقی کے ملازمین نے تحریک چلائی تھی اسی سنجیدگی کے ساتھ تلنگانہ کی تعمیر نو میں بھی مذکورہ محکمہ کے ملازمین کی کارکردگی ناگزیرہے ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ برقی کے ملازمین کو درپیش مسائل کو بہت جلد حل کرلیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ محکمہ برقی کے انجینئر س شعبے پر عوامی ضرورتوں کی تکمیل کے متعلق توجہہ بھی درکار ہے۔ مذکورہ تقریب میںمہمانِ خصوصی کی حیثیت سے مسٹر سی لکشما ریڈی وزیر برقی ریاست تلنگانہ نے بھی شرکت کی ۔ انہوں نے محکمہ برقی کے ملازمین کے دیرینہ تمام مسائل کوبہت جلد حل کرنے کا بھی اس موقع پر اعلان کیا۔انہوں نے پی آر سی کے متعلق بھی وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر تلنگانہ ریاست مسٹر کے چندرشیکھر رائو نے تعطل کاشکار پی آر سی مسئلے کو بھی بہت جلد حل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے محکمہ برقی کے انجینئرس اور سب انجینئرس کے دیرینہ مسائل کو بھی حل کرنے کا وعدہ کیا۔انہوں نے مزیدکہاکہ بالخصوص عہدوں پر ترقی کے مسئلے کو بہت جلدحل کرلیا جائے گا۔ مسٹر لکشما ریڈی نے سنجیدگی کے ساتھ تلنگانہ کی تعمیر نو میں اپنا رول ادا کرنے کی محکمہ برقی کے ملازمین سے اپیل کی تاکہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر رائو کے سنہری تلنگانہ کے خواب کو بہت جلد پورا کیاجاسکے۔ تنظیم کے دیگر ذمہ داران ڈاکٹر نرسمہا ریڈی‘ای سرینواس ریڈی‘کویتا اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔