تلنگانہ ٹیچرس اہلیتی امتحان 2017 کے نتائج کا اعلان

حیدرآباد۔4اگسٹ (سیاست نیوز) تلنگانہ ٹیچرس اہلیتی امتحان 2017کے نتائج کمشنر ایجوکیشن مسٹر جی کشن نے جاری کردیئے۔ حکومت نے گذشتہ ماہ اہل اساتذہ کے تقررات کا امتحان منعقد کیا تھا اور ان امتحانات میں دو پرچہ جات منعقد کئے گئے ۔ مسٹر جی کشن نے کہا کہ پرچہ اول میں 57.37 فیصد امیدوار اہل قرار پائے ہیں اور پرچہ دوم میں 19.51 فیصد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ پرچہ اول میں 98ہزار 883 امیدواروں نے حصہ لیا تھا جن میں 56ہزار 708امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ۔ اسی طرح پرچہ دوم میں 2لاکھ 30ہزار 932 امیدواروں نے حصہ لیا تھا جن میں 45ہزار 55 امیدوار اہل قرار دیئے گئے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ پرچہ دوم میں حساب و سائنس کے مضامین میں 20ہزار 323امیدوار کامیاب قرار دیئے گئے ہیں جبکہ ٹیکنیکل ایجوکیشن میں 24ہزار 732 امیدواروں کو اہل قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم حکومت تلنگانہ کی جانب سے TET کی نتائج کی اجرائی کے ساتھ ہی ویب سائٹ پر مشاہدہ کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ کے باعث ویب سائٹ کی رفتار میں سستی کی شکایات منظر عام پر آئی لیکن عہدیداروں نے دعوی کیا کہ کوئی تکنیکی خرابی نہیں ہے بلکہ اچانک ویب سائٹ کا مشاہدہ کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ کے سبب معمولی خرابی ریکارڈ کی گئی جسے فوری درست کرلیا گیا۔امیدوار اپنے نتائج کا مشاہدہ ویب سائٹ tstet.cgg.gov.in پر کرسکتے ہیں ۔ ٹیٹ کے نتائج سے قبل محکمہ تعلیم کی جانب سے 29جولائی کو Keyجاری کردی گئی تھی۔