تلنگانہ و سیما آندھرا کی مساوی ترقی ضروری

ٹی آر ایس کے بیانات کی مذمت : چندرا بابو نائیڈو کا بیان

حیدرآباد 24 مئی ( سیاست نیوز ) صدر تلگو دیشم و نامزد چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے آج پھر ایکبار اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ تلنگانہ و آندھرا پردیش دونوں ریاستوں کی مساوی ترقی کے خواہش مند ہیں اور دونوں علاقوں سے مکمل انصاف کی پالیسی پر تلگو دیشم گامزن رہے گی ۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مسٹر نائیڈو نے کہا کہ میں نے کافی محنت و جدوجہد کے ذریعہ حیدرآباد کو نہ صرف عالمی نقشہ میں شامل کروایا تھا بلکہ ایک ’ برانڈ امیج ‘ لے آیا تھا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض طاقتیں و گوشے اس برانڈ امیج کو نقصان پہونچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے بالواسطہ طور پر ٹی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اپوزیشن رہ کر کی گئی تنقید علحدہ بات تھی لیکن اب کی جارہی تنقیدیں و بیان بازیاں آپس میں انتشار پیدا کرنے اور ایکدوسرے کے خلاف نفرت کے جذبات کو بھڑکانے کے مترادف ہیں ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ اگر کوئی بھی انہیں وار روم کیلئے آنے کو کہیں تو میں وار روم آنے تیار ہوں ۔ لیکن وار رومس و وار کا ماحول پیدا کرنے کی ذمہ دار کانگریس کا کہیں اتہ پتہ نہیں بلکہ مکمل صفایا ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں ہر ایک سے بہتر تعلقات رکھنے کا حامی ہوں ۔ لیکن اس کے غلط معنی نکال کر میری غلط تشہیر کر کے مجھے اکسانے کی کوشش کی گئی تو میں بھی اس کا منہ توڑ جواب دینے سے ہرگز گریز نہیں کروں گا ۔ مسٹر نے کہا کہ وہ 26 مئی کو دہلی میں وزارت اعظمیٰ کے عہدے کی حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے ذریعہ ہی ملک کی تیز رفتار ترقی کی توقع ہے اور ملک و قوم بشمول ریاستی عوام کے مفادات کو پیش نظر رکھ کر میں نے مودی سے مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ۔