تلنگانہ و ساحلی آندھرا میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کا امکان

حیدرآباد 17 اپریل ( سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہتلنگانہ کے اضلاع عادل آباد ‘ نرمل ‘ نظام آباد ‘ کھمم رورل ‘ میدک ‘ سنگاریڈی ‘ وقار آباد ‘ محبوب نگر ‘ گدوال ‘ ونپرتی ‘ ناگرکرنول اور رنگا ریڈی کے علاوہ آندھرا کے اضلاع سریکا کلم ‘ وجیا نگرم ‘ وشاکھاپٹنم و مشرقی گوداوری میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک ہوسکتی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ رائلسیما میں بھی یہی صورتحال ہوسکتا ہے ۔ تلنگانہ ‘ ساحلی آندھرا میں آئندہ پانچ دن کے دوران ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ و رائلسیما میں کچھ مقامات پر بارش ہوئی ۔ حیدرآباد و اطراف میں صبح مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہیگا اور شام یا رات کے وقت ہلکی بارش یا گرج چمک ہوسکتی ہے ۔ درجہ حرارت اعظم ترین 40 اور اقل ترین 26 ڈگری کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔

بی جے پی دفتر پر کانگریس مہیلا کارکنوں کا احتجاج
حیدرآباد 17 اپریل (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ مہیلا کانگریس این شاردا کی قیادت میں بی جے پی آفس کے سامنے خاموش احتجاج کرنے والی کانگریس مہیلا کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے بیگم بازار پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ این شاردا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ بیٹی بچاؤ کا نعرہ دینے والے وزیراعظم مودی بیٹیوں کے تحفظ میں ناکام ہوگئے۔ اب نوبت یہ آگئی ہے کہ بیٹیوں کو بی جے پی قائدین سے بچانا پڑرہا ہے۔ این ڈی اے حکومت میں خواتین محفوظ نہیں ہیں۔ معصوم کم عمر لڑکیوں کے ساتھ عصمت ریزی کرکے ان کا قتل کیا جارہا ہے۔ خواتین پر مظالم کی بی جے پی قائدین حوصلہ افزائی کررہے ہیں مگر تعجب اس بات کا ہے کہ بی جے پی صدر امیت شاہ نے قصورواروں کی حمایت کرنے والے بی جے پی قائدین کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔