تلنگانہ و اے پی کے مزید دو قافلوں کی آمد

حجاج کرام کا خیر مقدم اور مبارکباد کی پیشکشی
حیدرآباد۔/7اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے جملہ 1352 حجاج کرام گزشتہ3  دن میں مدینہ منورہ سے وطن واپس ہوچکے ہیں۔ آج صبح کی ابتدائی ساعتوں میں 2 قافلے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچے۔ پہلی فلائیٹ میں 339 اور دوسری میں 340 حجاج کرام موجود تھے۔ حج ٹرمنل میں اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حجاج کرام کا استقبال کیا اور فریضہ حج کی ادائیگی اور مدینہ منورہ میں روضہ اقدسؐ پر حاضری کی سعادت حاصل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ حجاج کرام نے سعودی حکومت، انڈین حج مشن اور کونسلیٹ کے انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیا۔ تیسرا قافلہ مقررہ وقت سے نصف گھنٹہ قبل ہی ایر پورٹ پہنچا جبکہ چوتھا قافلہ نصف گھنٹہ تاخیر سے صبح 10:30 بجے حیدرآباد پہنچا۔ حجاج کرام کو حج کمیٹی کی جانب سے 5 لیٹر زم زم کا کیان حوالے کیا گیا۔ پہلے قافلہ نے حج ٹرمنل میں نماز فجر جبکہ دوسرے قافلہ کے حجاج نے نماز جمعہ ادا کی۔ حج کمیٹی کی جانب سے ٹرمنل میں نماز جمعہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ حجاج کرام کے استقبال کیلئے ان کے رشتہ دار بڑی تعداد میں موجود تھے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 8 اکٹوبر ہفتہ کو 4 قافلے وطن واپس ہوں گے۔ پہلی فلائیٹ رات 3:20 بجے ، دوسری صبح 5:20 بجے، تیسری رات 9 بجے اور چوتھی فلائیٹ رات 11:35 بجے حیدرآباد پہنچے گی۔