حیدرآباد ۔20مئی ( سیاست نیوز) حکومت آندھراپردیش نے ریاست تلنگانہ اور آندھراپردیش کے مابین ملازمین کے بین ریاستی تبادلوں کے مسئلہ پر ایک کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے احکامات جاری کی ہے ۔ بالخصوص ٹیچرس و لکچررس کے تبادلوں پر تشکیل دی گئی کمیٹی سنجیدگی سے غور کر کے ضروری اقدامات کرے گی ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس کمیٹی میں اسپیشل چیف سکریٹری ریاستی محکمہ تعلیم آندھراپردیش اور اسپیشل چیف سکریٹری ریاستی محکمہ تعلیم ریاست تلنگانہ کے علاوہ دونوں ریاستوں کی تشکیل جدید قانون پر عمل آوری کرنے والے چیف سکریٹریوں کو بحیثیت ارکان نامزد کیا گیا ۔ قانون تقسیم ریاست کی روشنی میں شیڈول 13 میں زیرالتواء اُمور ( مسائل ) کی یکسوئی کیلئے ضلع کلکٹروں کو حکومت نے نوڈل عہدیداروں کی حیثیت سے نامزد کیا ہے ۔ علاوہ ازیں دونوں ریاستوں کے مابین فائیلس اور دیگر بعض اہم اُمور کی تقسیم کیلئے بھی دونوں ریاستوں آندھراپردیش اور تلنگانہ کے عہدیداروں پر مبنی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ اسی ذرائع نے مزید بتایا کہ اہم فائیلس کی تقسیم آرکیالوجی اور میوزیالوجی سے متعلق قدیم اشیاء کی تقسیم کے علاوہ قدیم ہاتھ سے تحریر کردہ فائیلس کی تقسیم کیلئے تفصیلی جائزہ لیکر مناسب تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے ہی مذکورہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہیکہ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم عمل میں آتے ہوئے چار سال گزر جانے کے باوجود ابھی بھی قانون تقسیم ریاست سے متعلق بعض اہم اُمور زیر تصفیہ ہیں ۔ لہذا حکومت آندھراپردیش ان زیر التواء اُمور کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے ممکنہ طور پر کوشاں ہے۔