تلنگانہ و اے پی کے حجاج کرام کے قافلوں کی آج آمد

مدینہ منورہ میں حجاج واپسی کی تیاریوں میں مصروف ، شمس آباد ایرپورٹ پر استقبال کی تیاریاں
حیدرآباد ۔ 3۔اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھراپردیش کے حجاج کرام کی مدینہ منورہ کی واپسی کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ 4 اکتوبر کی رات سے قافلوں کی وطن واپسی کا آغاز ہوجائے گا ۔ پہلا قافلہ 5 اکتوبر کی ابتدائی ساعتوں 3.35 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل ، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور دیگر عہدیدار استقبال کریں گے ۔ ایر انڈیا کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ حجاج کرام کی واپسی ہوگی۔ مدینہ منورہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق حجاج کرام واپسی کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور متعلقہ معلم کے افراد ان کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ خادم الحجاج کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حجاج کرام کی رہنمائی کریں اور واپسی کے موقع پر سامان اور اس کے وزن کے بارے میں واقف کرائیں تاکہ ایرپورٹ پہنچنے پر انہیں کوئی دشواری نہ ہو ۔ ایر انڈیا کے حکام نے تمام 15 فلائیٹس وقت کی پابندی کے ساتھ چلانے کا تیقن دیا ہے اور حجاج کرام کو تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ 6 اکتوبر کو دوسرا قافلہ صبح 3.20 بجے حیدرآباد پہنچے گا۔ 7 اکتوبر کو دو قافلے واپس ہوں گے ۔ پہلا صبح 3.20 بجے اور دوسرا 10.30 بجے صبح ایرپورٹ پہنچے گا۔ 8 اکتوبر ہفتہ کو 4 قافلے وطن واپس ہوں گے ۔ پہلا قافلہ صبح 3.20 بجے دوسرا صبح 5.30 بجے ، تیسرا صبح 9.00 بجے اور چوتھا صبح 11.35 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچے گا۔ 9 اکتوبر اتوار کو دو قافلے حیدرآباد پہنچیں گے ۔ پہلا دوپہر 2.30 بجے دن اور دوسرا رات 11.30 بجے شمس آباد ایرپورٹ پہنچے گا۔ 10 اور 11 اکتوبر کو علی الترتیب دو اور تین قافلے وطن واپس ہوں گے ۔ اس طرح حجاج کرام کی حیدرآباد واپسی کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ اسی دوران حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے نوجوان کو جنہیں پولیس کی حراست سے نجات حاصل ہوئی، مدینہ منورہ روانہ کیا گیا۔ وہ اپنی مقررہ فلائیٹ سے 7 اکتوبر کو واپس ہوں گے ۔ 18 سالہ حیدرآبادی نوجوان کو سعودی پولیس نے طواف کے دوران غلطی سے کسی اور حاجی کی رقم اٹھانے پر حراست میں لے لیا تھا اور 9 دن کی قیدکے بعد متعلقہ قاضی (جج) نے کل بے قصور تسلیم کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا۔ مذکورہ نوجوان کے افراد خاندان نے رہائی پر اطمینان کی سانس لی اور آج اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور سے ملاقات کرتے ہوئے رہائی کیلئے مساعی کرنے پر اظہار تشکر کیا۔