حیدرآباد 2 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی برقی کمپنیوں کے کمپیوٹر سسٹمس پر ایک تباہ کن سافٹ ویر نے حملہ کردیا ہے ۔ پولیس نے آج یہ بات بتائی ۔ پولیس کے بموجب تمام سرور ڈاون ہیں اور اس سافٹ ویر حملہ سے ہونے والے مسائل کو حل کرنے کی کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ جمعہ تک اس مسئلہ کو حل کرلیا جائیگا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ransomware نامی سافٹ ویر اے پی اور تلنگانہ کی برقی کمپنیوں کے کمپیوٹرس پر حملہ آور ہوا ہے ۔ یہ سافٹ ویر کسی بھی کمپیوٹر میں داخل ہوجاتا ہے اور اس طرح کا حملہ کرنے والے کمپیوٹر کا ڈاٹا منظر عام پر لادینے یا اس تک رسائی روک دینے کا انتباہ دیتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسا نہ کرنے کے عوض انہیں معقول رقم دی جائے ۔ اس سلسلہ میں شکایت درج کروائے جانے کے بعد حیدرآباد پولیس کی سائبر کرائم ونگ کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی تلنگانہ کے ایک عملہ کے رکن کو نامعلوم شخص سے ایک ای میل موصول ہوا تھا اور اس رکن نے اس پر کلک کردیا اور وائرس نے سارے سسٹم پر حملہ کردیا ۔ اڈیشنل ڈی سی پی سائبر کرائمس کے سی ایس رگھو ویر نے بتایا کہ ایک ایف آئی آر پولیس نے درج کرلیا ہے اور تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔