حکومت اے پی کو تلنگانہ کی سماعت کے بعد نوٹس ، 4 اگست کو آئندہ سماعت مقرر
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ و آندھرا پردیش کے انجینئرنگ و میڈیکل کالجس میں داخلوں کے لیے ’ ایمسیٹ 2014 ‘ کونسلنگ سے متعلق مسئلہ کی مزید تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ نے آئندہ سماعت 4 اگست تک کے لیے ملتوی کردیا ۔ دہلی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ایمسیٹ کونسلنگ پر تلنگانہ حکومت کی جانب سے پیش کردہ رٹ درخواست کی آج سماعت ہوئی اور اس کیس پر اے آئی سی ٹی ای ، آندھرا پردیش حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے باقاعدہ طور پر نوٹسیں جاری کیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایمسیٹ کونسلنگ کا مسئلہ سہ رکنی سپریم کورٹ بنچ کے روبرو سماعت کے لیے پیش کیاگیا اور تلنگانہ حکومت کی جانب سے نامور سینئیر کونسل مسٹر ہریش سالوے نے بحث کی ۔ ریاست کی تقسیم کی روشنی میں مکمل و درکار اسٹاف کی ابھی تک تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی اور فیس ری ایمبرسمنٹ پر ابھی کوئی واضح موقف کا اظہار نہ کئے جانے کے باعث ایمسیٹ کونسلنگ کو 30 اکٹوبر تک ملتوی کرنے کی ایڈوکیٹ ہریش سالوے نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ۔ لیکن ہریش سالوے کے ادعا کی آندھرا پردیش حکومت کی جانب سے ایڈوکیٹ گنگولی نے اپنی بحث کے ذریعہ پر زور مخالفت کی اور بتایا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں جوابی حلفنامہ یا جواب داخل نہیں کیاگیا بلکہ کونسلنگ ملتوی کرنے کے مسئلہ پر اے آئی سی ٹی ای کی رائے بھی حاصل کرنے کی ضرورت کے پیش نظر اے آئی سی ٹی ای کو بھی اس کیس میں شامل کرنے کی ضرورت رہنے کا سپریم کورٹ نے اظہار کیا ۔۔