حیدرآباد 3اکتوبر (یواین آئی )ساحلی آندھرا پردیش، رائلسیما اور تلنگانہ میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج و چمک کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ آئندہ چاردنوں کے دوران ساحلی آندھرا پردیش، رائل سیما کے بیشتر مقامات پر ہلکی تا اوسط یا گرج و چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رائلسیما میں جنوب مغرب مانسون شدت اختیار کرلیا ہے ۔ یہ ساحلی آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں معمول کے مطابق ہے ۔ جنوب وسطی خلیج بنگال میں ہوا کا کم دباؤ، رائلسیما اور اس سے متصل علاقہ میں سطح سمندر سے 3.1 کیلو میٹر اور 5.8 کیلو میٹر کے اُوپر بنا ہوا ہے ۔
موسی ندی میں پانی کا بہاو دیکھنے عوام کا ہجوم
حیدرآباد 3اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام ) شہر کی موسی ندی جو کئی دہائیوں سے سیوریج کے پانی والی ندی بن گئی تھی ،میں گزشتہ روز ہوئی بارش کے بعد ایک مرتبہ پھر پانی کا شدید بہاو دیکھا گیا۔ گزشتہ روز سے ہی اس کے چینلس کے ذریعہ پانی کا بہاو دیکھا جارہا ہے ۔اس میں پانی کی سطح میں بتدریج اضافہ ہوا ہے اور یہ پانی اس کے کنارے تک آگیا۔اس میں پانی کے شدید بہاو کو دیکھنے پرانا پُل و دوسرے علاقوں میں عوام کا ہجوم دیکھا جارہا ہے ۔ندی میں جو کبھی شہر حیدرآباد کی شہ رگ تھی گزشتہ کئی دہائیوں سے صنعتی فضلہ اور گھریلو کچرا ڈالا جارہا تھا ۔ ندی کے کئی حصے خشک ہوگئے تھے ۔ ندی میں 28ستمبر1908کو بڑے پیمانہ پر طغیانی آئی تھی جس میں کئی افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔