حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ (سیاست نیوز) حج 2015 ء کیلئے تلنگانہ اور آندھراپردیش ریاستوں کے عازمین حج کے انتخاب کے سلسلہ میں آج قرعہ اندازی منعقد کی گئی۔ دونوں ریاستوں کیلئے مجموعی طور پر 5005 عازمین کا کوٹہ سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے الاٹ کیا گیا تھا۔ محفوظ زمروں کے تحت منتخب عازمین کے علاوہ تلنگانہ میں 1223 اور آندھراپردیش میں 2023 عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا۔ محفوظ زمرہ جات کے تحت تلنگانہ میں 1537 اور آندھراپردیش میں 222 عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب عمل میں آیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی اور وزیر اقلیتی بہبود آندھراپردیش ڈاکٹر پلے رگھوناتھ ریڈی نے اپنی اپنی ریاستوں کی قرعہ اندازی کا افتتاح کیا۔
دونوں ریاستوں کی قرعہ اندازی کیلئے حج ہاؤز نامپلی میں علحدہ علحدہ تقریب منعقد کی گئی تھی۔ سنٹرل حج کمیٹی ممبئی سے آن لائین قرعہ اندازی کی گئی اور دونوں ریاستوں کے سینکڑوں کی تعداد میں عازمین اس موقع پر موجود تھے۔ تلنگانہ کیلئے قرعہ اندازی کی تقریب صبح میں رکھی گئی جبکہ آندھراپردیش کی قرعہ اندازی دوپہر میں انجام پائی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے کہا کہ عازمین حج دراصل اللہ کے مہمان ہوتے ہیں اور جن کا قرعہ اندازی میں انتخاب عمل میں آیا ، وہ یقینی طور پر خوش قسمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرعہ اندازی میں انتخاب سے محروم افراد کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد دوسری مرتبہ عازمین کی خدمت کا موقع ملا ہے۔ تلنگانہ حکومت گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی عازمین کیلئے بہتر سے بہتر انتظامات کرے گی۔
لڑکیوں کی شادی کے سلسلہ میں حکومت مساعی کرے گی۔ انیس الغرباء کی توسیع کیلئے چیف منسٹر نے پی ڈبلیو ڈی دفتر کی 4000 گز اراضی الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تقریب میں رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم ، رکن اسمبلی عامر شکیل، اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر ، سی ای او وقف بورڈ سلطان محی الدین اور دوسرے موجود تھے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے خیرمقدم کیا اور دونوں ریاستوں کو الاٹ کردہ کوٹہ اور ضلع واری تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قرعہ اندازی کا عمل مکمل شفافیت پر مبنی ہے لہذا عوام کو انتخاب کے سلسلہ میں درمیانی افراد سے رجوع ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص قرعہ اندازی کے بغیر عازمین کا انتخاب نہیں کرسکتا۔ تلنگانہ کو الاٹ کردہ جملہ کوٹہ 2760 ہے جس میں 1537 عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب عمل میں آیا جن میں 643 عازمین 70 سال سے زائد عمر کے ہیں جبکہ 894 مسلسل چوتھی مرتبہ درخواست گزار ہیں۔ آندھراپردیش کے عازمین کی قرعہ اندازی کے موقع پر وزیر ا قلیتی بہبود آندھراپردیش ڈاکٹر پی رگھوناتھ ریڈی نے کہا کہ حج اسلام کا پانچواں رکن ہے جو صاحب استطاعت کیلئے فرض ہے۔ مسلمان اسلام کے چار ارکان ادا کرسکتے ہیں لیکن حج کے فریضہ کی تکمیل کیلئے اللہ تعالیٰ کا بلاوا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش حکومت اقلیتوں کی ترقی میں سنجیدہ ہے او ریاست میں کسی موزوں مقام پر حج ہاؤز تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے باوجود دونوں ریاستوں کے مسلمان آپس میں بھائی بھائی کی طرح ہیں جس کا ثبوت تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے آندھراپردیش کے عازمین کی خدمت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آندھراپردیش میں دکان ، مکان اسکیم کا احیاء کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ حکومت مکمل بجٹ خرچ کرنے میں سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے حج کمیٹی کے لئے زائد بجٹ مختص کرنے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال موجود تھے۔ اسپیشل آفیسر ایس اے شکور نے خیر مقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال سارے ملک میں تلنگانہ بہتر انتظامات کے سلسلہ میں سرفہرست رہا۔ محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے عازمین کیلئے بہتر انتظامات کی ہدایت دی اور کہا کہ اس سلسلہ میں بجٹ کی فکر نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر مسلمانوں کی ترقی کے سلسلہ میں جامع منصوبہ رکھتے ہیں۔ اقلیتی بہبود کے بجٹ میں ہر سال اضافہ کیا جارہا ہے۔ حکومت مکمل بجٹ کے خرچ کو یقینی بنانے میں سنجیدہ ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ شادی مبارک ، اسکالرشپ اور بیرون ملک تعلیم کیلئے قرض کی فراہمی کیلئے زائد بجٹ مختص کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شادی مبارک اسکیم کے تحت 6000 سے زائد درخواستیں داخل کی گئیں جن میں 4,000 سے زائد کی یکسوئی کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انیس الغرباء میں موجود یتیم بچوں کیلئے نہ صرف بہتر تعلیم کا انتظام کیا جائے گا بلکہ لڑکوں کو ملازمت کی فراہمی کی کوشش کی جائے گی۔