تلنگانہ و آندھرا پردیش کے عازمین حج کی پروازوں میں توازن

حج 2016 انتظامات کا جائزہ ، سنٹرل حج کمیٹی کا اجلاس
حیدرآباد۔/28جنوری، ( سیاست نیوز) سنٹرل حج کمیٹی نے حج سیزن 2016 کیلئے تلنگانہ اور آندھرا پردیش سے پروازوں میں توازن پیدا کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی کے نئی دہلی میں منعقدہ اجلاس میں اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے نمائندگی کی کہ گزشتہ سال کی طرح روزانہ 3 فلائیٹس سے حج کمیٹی کو انتظامات میں دشواری ہوسکتی ہے لہذا روزانہ کم از کم ایک یا دو فلائیٹ کا شیڈول رکھا جائے۔ گزشتہ سال ایک ہفتہ میں 16فلائیٹس کا شیڈول تھا جس کے باعث نہ صرف حج کمیٹی بلکہ عازمین حج کو دشواریوںکا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے فلائیٹ شیڈول طئے کرتے وقت اس بات کو پیش نظر رکھنے کی خواہش کی جس پر سنٹرل حج کمیٹی نے مثبت کارروائی کا تیقن دیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 8فبروری برقرار ہے اور اس میں فی الوقت کسی توسیع کا کوئی امکان نہیں ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں ابھی تک داخل کی گئی درخواستوں کی تفصیلات بیان کیں۔ دیگر ریاستوں کے عہدیداروں نے بھی حج انتظامات کے سلسلہ میں تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں وزارت خارجہ میں او ایس ڈی برائے حج عاصم مہاجن، ڈپٹی سکریٹری وزارت خارجہ انچارج حج اُمور الطاف عالم اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی عطاء الرحمن اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سنٹرل حج کمیٹی کے انتخابات کے طریقہ کار کو قطعیت دی گئی۔ موجودہ حج کمیٹی کی میعاد 6مئی کو ختم ہوگی اور نامزد ارکان کے علاوہ ملک کے 6 زونس سے ایک ، ایک رکن کا انتخاب کیا جائیگا۔ آندھراپردیش، تلنگانہ، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور اڑیسہ کو تیسرے زون میں رکھا گیا ہے۔ انتخابی عمل 4ماہ قبل شروع کیا جاتا ہے۔یکم تا 3مارچ 6ارکان کے انتخاب کو مکمل کرنا ہے اور تیسرے زون کے رکن کا انتخاب 2مارچ کو نئی دہلی میں ہوگا۔ ہر زون سے ایک رکن کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ لوک سبھا کے2 اور راجیہ سبھا کے ایک رکن کو حکومت نامزد کرتی ہے جبکہ تین بڑی ریاستوں اُترپردیش، مہاراشٹرا اور کیرالا سے 3 ارکان نامزد کئے جاتے ہیں۔ مزید7 ارکان حکومت کی جانب سے نامزد کئے جاتے ہیں۔ اس طرح جملہ ارکان کی تعداد 23ہوگی۔ سنٹرل حج کمیٹی میں حج اُمور اور پرسنل لاء کے ماہرین کو بھی شامل کیا جاتا ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی کی میعاد 3 سال ہوگی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت سعودی عرب نے ابھی تک ہندوستان کیلئے حج کوٹہ الاٹ نہیں کیا ہے لہذا ریاستوں کیلئے حج کوٹہ کے الاٹمنٹ میں مزید وقت لگے گا۔