تلنگانہ و آندھرا پردیش کے عازمین حج کی ستمبر میں روانگی کا آغاز

حیدرآباد 8 مئی (سیاست نیوز)حج 2015 کیلئے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین حج کی روانگی کا 2 ستمبر سے آغاز ہوگا ۔ عازمین کو سعودی ایر لائنس کے بجائے ایر انڈیا کی فلائیٹ سے سفر کرنا پڑے گا۔ عازمین کیلئے حج کمیٹی کی جانب سے سربراہ کئے جانے والے سوٹ کیس کی خریدی لازمی ہوگی۔ اس سلسلہ میں آج ممبئی میں منعقدہ سنٹرل حج کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ۔ حج 2015 کے انتظامات سے تمام ریاستوں کی حج کمیٹیوں کو واقف کرانے کیلئے ممبئی میں چیف ایگزیکٹیو آفیسرس اور اسپیشل آفیسرس کا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عطاء الرحمن کے علاوہ سنٹرل حج کمیٹی اور ایر انڈیا کے عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی ۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش حج کمیٹیوں کی نمائندگی اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے کی۔ اُن کی نمائندگی پر سنٹرل حج کمیٹی نے گرین زمرے کے عازمین کیلئے مکہ مکرمہ میں سہولتوں سے عاری عمارت میں قیام سے استثنی دینے سے اتفاق کرلیا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے دیڑھ کیلو میٹر کے فاصلے پر تحصیر ٹاور میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین کے قیام کے لزوم کی مخالفت کی ۔ انہو ںنے کہا کہ اس عمارت میں کچن کی سہولت نہیںہے اور کیٹرنگ کے ذریعہ کھانا حاصل کرنے پر عازمین کو زائد رقم ادا کرنی پڑے گی لہذا عازمین میں کافی بے چینی ہے ۔ سنٹرل حج کمیٹی نے 27 ہزار افراد کے قیام کی گنجائش والی اس عمارت کے بجائے کسی اور عمارت میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین کے قیام سے اتفاق کیا ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے سعودی ایر لائنس کے بجائے ایر انڈیا کی پروازوں اور عازمین کیلئے حج کمیٹی کی جانب سے بیاگیجس کی سربراہی کی تجویز کی مخالفت کی ۔ تاہم سنٹرل حج کمیٹی کے عہدیداروں نے واضح کردیا کہ مرکزی حکومت نے یہ دونوں فیصلے کئے ہیں اور ان میں تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ سنٹرل حج کمیٹی نے معیاری بیاگیجس کی تیاری کا کنٹراکٹ VIP کمپنی کو دیا ہے ۔ کمپنی نے آج اجلاس میں سوٹ کیس کے اُن نمونوں کو پیش کیا جو عازمین کو سربراہ کئے جائیں گے ۔ ایک بیاگ میں 30 کیلو اور دوسرے میں 25 کیلو وزنی سامان کی گنجائش رہے گی۔ بیاگیجس کیلئے کمپنی نے 3 سال کی گیارنٹی دی ہے ۔ سنٹرل حج کمیٹی نے وضاحت کی کہ عازمین حج سے دونوں بیاگیجس کیلئے 5100 روپئے علحدہ طور پر وصول نہیں کئے جائیں گے بلکہ عازمین کی جانب سے اخراجات کی دوسری قسط میں یہ رقم شامل رہے گی۔ کمیٹی نے وضاحت کی کہ فی عازم دی جانے والی 1600 ریال کی رقم سے اسے منہا نہیں کیا جائے گا۔ عہدیداروں نے وضاحت کی مرکزی حکومت نے سعودی ایر لائنس کی اپیل پر عازمین کو سوٹ کیس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ مقررہ وزن کے مطابق سامان رہے۔ سوٹ کیس کی سربراہی کا کام بھی تیار کرنے والی کمپنی VIP کے ذمہ دیا گیا ہے اور وہی ہر ریاست میں عازمین کو سوٹ کیس حوالے کرے گی ۔ سنٹرل حج کمیٹی سوٹ کیس کے کوپن راست طور پر عازمین کو روانہ کردے گی جسے حوالے کرتے ہوئے وہ سوٹ کیس حاصل کرسکیں گے ۔ سنٹرل حج کمیٹی نے حیدرآباد سے پروازوں کا شیڈول دوسرے مرحلے میں شامل کیا ہے جس کے تحت 2 ستمبر سے عازمین کی روانگی کا آغاز ہوگا ۔ حج کمیٹی نے وضاحت کی کہ وزارت خارجہ نے ایر لائنس کی پروازوں کا بذریعہ ٹنڈر الاٹمنٹ کیا ہے اور تلنگانہ اور آندھرا پردیش کیلئے ایر انڈیا کی فلائیٹس الاٹ ہوئی ہے۔ حکام نے تیقن دیا کہ ایر انڈیا کی تمام پروازیں مقررہ وقت پر اڑان بھریں گی۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ فی عازم 10 کیلو وزن ہینڈ کیری لیجاپائیں گے ۔