لاپتہ حجاج کا بھی پتہ چل گیا ، بعض حجاج زیر علاج ، کے سی آر کا چیف سکریٹری سے حصول معلومات
حیدرآباد ۔ 28 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ و آندھراپردیش کی حکومتوں نے منیٰ کے سانحہ میں حج کمیٹی کے حجاج کرام کے محفوظ رہنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ دونوں حکومتوں نے اس سلسلہ میں اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور سے رپورٹ طلب کی جس میں انہوں نے بتایا کہ کونسل جنرل جدہ اور خادم الحجاج کی فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق دونوں ریاستوں کے حجاج کرام خیریت سے ہیں اور وہ مکہ مکرمہ میں اپنی الاٹ کردہ عمارتوں میں واپس ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ منیٰ میں بھگدڑ کے سانحہ کے بعد تلنگانہ کے 21 حجاج کرام لاپتہ ہوچکے تھے ، جن کا پتہ چل چکا ہے اور ان کی خیریت کے بارے میں خادم الحجاج نے حج کمیٹی کو اطلاع دی، جو حجاج کرام لاپتہ ہوگئے تھے ، ان میں 13 کا تعلق حیدرآباد سے ہے جبکہ رنگا ریڈی اور محبوب نگر کے چار چار حجاج کرام شامل ہیں۔ لاپتہ حجاج کا پتہ چل جانے پر دونوں حکومتوں اور حج کمیٹی کے حکام نے اطمینان کا اظہار کیا ۔ اسپیشل آفیسر نے ان میں سے بعض حاجیوں سے فون پر بات چیت کی اور خیریت دریافت کی ۔ اطلاعات کے مطابق فریضہ حج کی تکمیل کے بعد بعض حاجی حضرات کی طبیعت ناساز ہوگئی جس پر انہیں مقامی ہاسپٹلس سے رجوع کردیا گیا۔ ان کی حالت اب اطمینان بخش بتائی جاتی ہے ۔ حج کمیٹی کے حکام کو خادم الحجاج کی جانب سے روزانہ رپورٹس روانہ کی جارہی ہیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما کے ذریعہ تلنگانہ کے حجاج کرام کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ چیف منسٹر کے سکریٹری برائے اقلیتی بہبود بھوپال ریڈی مسلسل حج کمیٹی سے ربط میں ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کونسل جنرل جدہ اور کونسل حج سے فون پر ربط قائم کیا۔ اسی دوران سنٹرل حج کمیٹی نے منیٰ کے سانحہ میں جاں بحق ہندوستانی حجاج کرام کی تعداد 45 بتائی ہے ، جن میں سنٹرل حج کمیٹی سے تعلق رکھنے والے 17 حجاج کرام شامل ہیں۔ ان کے علاوہ خانگی ٹور آپریٹرس کے 18 اور مقامی اقامہ ہولڈرس 10 حجاج کرام شامل ہیں۔ سعودی حکام نے جاں بحق ہونے والے ہندوستانی حجاج کی جو فہرست جاری کی ہے ، ان میں حیدرآباد و رنگا ریڈی کے دو حجاج کے نام شامل نہیں ہیں، جن کا بھگدڑ کے سانحہ میں انتقال ہوا تھا ۔ ان میں ایک کا تعلق حج کمیٹی اور دوسروں کا خانگی ٹور آپریٹرس سے ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے ناموں کی شمولیت کیلئے کونسل جنرل جدہ کو رپورٹ روانہ کی ہے۔ اسی دوران قلب پر حملہ کے باعث انتقال کرنے والے دو عازمین حج کی آج مکہ مکرمہ میں تدفین عمل میں آئی۔ ان کا کل انتقال ہوا تھا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کے مطابق مکہ مکرمہ سے حجاج کرام کی مدینہ منورہ روانگی کا 4 اکتوبر سے آغاز ہوگا۔ تلنگانہ ، آندھراپردیش اور کرناٹک سے تعلق رکھنے والے عازمین کو8 دن مدینہ منورہ میں قیام کیلئے قافلوں کے ذریعہ منتقل کیا جائے گا۔ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے حجاج کرام کی واپسی کا 14 اکتوبر سے آغاز ہوگا اور آخری قافلہ 20 اکتوبر کو مدینہ منورہ سے ایر انڈیا کی خصوصی پرواز کے ذریعہ حیدرآباد واپس ہوگا۔