تلنگانہ و آندھرا پردیش کے تمام حجاج کرام وطن واپس

ممبئی سے دوسرے قافلہ کی بھی آمد ، جناب جلال الدین اکبر اور پروفیسر ایس اے شکور کی حجاج سے ملاقات و مبارکباد کی پیشکشی
حیدرآباد۔/6نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے 26 حجاج کرام کی ممبئی سے حیدرآباد واپسی کے ساتھ ہی ریاستی حج کمیٹی کے تمام حجاج کرام وطن واپس ہوچکے ہیں۔ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے تلنگانہ ، آندھرا پردیش اور کرناٹک کے جملہ 6017 حجاج کرام کی واپسی کا عمل3نومبر کو مکمل ہوگیا جبکہ ویٹنگ لسٹ سے منتخب ہونے والے 93 حجاج جو ممبئی سے روانہ ہوئے تھے ان کی ممبئی واپسی عمل میں آئی۔ ممبئی آنے والے حجاج کا پہلا قافلہ کل حیدرآباد پہنچا تھا جبکہ 26حجاج کرام پر مشتمل دوسرا اور آخری قافلہ آج سہ پہر ممبئی سے حج ہاوز حیدرآباد پہنچا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حجاج کرام کا استقبال کیا اور انہیں فریضہ حج کی سعادت کے حصول پر مبارکباد پیش کی۔ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جناب جلال الدین اکبر نے بھی حجاج کرام سے ملاقات کی اور مبارکباد پیش کی۔ حج کمیٹی نے ممبئی سے حجاج کی واپسی کیلئے آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کا انتظام کیا تھا۔ حجاج کے آخری قافلہ کی واپسی کے ساتھ ہی ریاستی حج کمیٹی کے حج سیزن 2014 کا اختتام عمل میں آیا۔ ویٹنگ لسٹ سے منتخب ہونے والے حجاج میں حیدرآباد کے علاوہ اننت پور، چتور، گنٹور، کرنول، محبوب نگر، میدک، نلگنڈہ، نظام آباد اور ورنگل کے حجاج شامل ہیں۔ ان کے رشتہ داروں کی کثیر تعداد نے حج ہاوز پہنچ کر استقبال کیا جبکہ اضلاع کے بعض حجاج نے ٹرین کا وقت ہونے تک حج ہاوز میں قیام کیا۔ حج کمیٹی کی جانب سے ان کیلئے طعام کا انتظام کیا گیا۔ ممبئی پہنچنے والے حجاج کیلئے 5لیٹر زم زم ممبئی میں ہی فراہم کیا گیا۔ حج کمیٹی نے سعودی ایر لائنز کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ حجاج کی روانگی اور واپسی کا انتظام کیا تھا۔ تمام حجاج مدینہ منورہ سے وطن واپس ہوئے۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے حج سیزن کی تکمیل اور تمام حجاج کی بخیر و عافیت واپسی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے علاوہ صحافت اور رضاکارانہ تنظیموں کے بھی وہ شکر گذار ہیں جنہوں نے کیمپ کے کامیاب انعقاد میں تعاون کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جملہ 5810 حجاج کرام حیدرآباد سے روانہ ہوئے تھے جن میں 5780 واپس ہوئے، 3حجاج کرام کا انتقال ہوا جبکہ 27مقررہ وقت سے پہلے حیدرآباد واپس ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کے 3928 ، آندھراپردیش کے 1376اور کرناٹک کے 739 حجاج حیدرآباد سے روانہ ہوئے تھے۔ اننت پور اور چتور سے تعلق رکھنے والے 413حجاج کرام بنگلور سے روانہ ہوئے تھے ان کی واپسی ہوچکی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ ہندوستان کی دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے روانگی اور واپسی کے موقع پر مثالی انتظامات کئے گئے تھے جس کیلئے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ اور ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا بھرپور تعاون شامل رہا۔