تلنگانہ و آندھرا پردیش کو ترقی دینے دونوں ریاستوں کے درمیان مسابقت

نارا لوکیش امریکہ پہنچ گئے ، کے ٹی آر کی آج روانگی ، ممتاز شخصیتوں سے ملاقات کا منصوبہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر آندھرا پردیش کے فرزند نارا لوکیش امریکہ پہونچ گئے ہیں ۔ جب کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے فرزند کے ٹی آر 5 مئی کو امریکہ روانہ ہوں گے ۔ لوکیش صدر امریکہ بارک اوباما سے اور کے ٹی آر مائیکرو سافٹ سی ای او ستیہ ناڈیلا سے ملاقات کریں گے ۔ آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد عام انتخابات میں آندھراپردیش میں تلگو دیشم نے کامیابی حاصل کی ۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کامیاب ہوئی ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو اور چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنی اپنی ریاستوں کو ترقی دینے کے لیے ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ اس دوڑ میں دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس کے فرزند بھی شامل ہوگئے ہیں ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے فرزند کے ٹی آر ریاستی وزیر آئی ٹی و پنچایت راج کی ذمہ داری سنبھا رہے ہیں جب کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش کے فرزند پارٹی اور حکومت میں کوئی عہدہ نہیں رکھتے مگر تنظیمی اور سرکاری سطح پر ان کی گرفت مضبوط ہے ۔ نارا لوکیش آندھرا پردیش میں سرمایہ داروں کو راغب کرنے کے لیے امریکہ پہونچ چکے ہیں ۔ وہاں تلگو دیشم این آر آئیز نے ان کا شاندار خیر مقدم کیا ۔ انہوں نے کئی پروگرامس میں حصہ بھی لیا ہے ۔ این آر آئیز نے آندھرا پردیش کے 150 مواضعات کو ترقی دینے کی ذمہ داری قبول کرنے کا انہیں تیقن بھی دیا ہے ۔ نارا لوکیش اپنے دورے امریکہ میں صدر امریکہ بارک اوباما کے ساتھ امریکہ کے مختلف گورنرس کے علاوہ تاجرین اور سافٹ ویر انجینئرس وغیرہ سے ملاقات کریں گے ۔ کے ٹی آر 6 مئی کو واشنگٹن میں سفیر ہند سے ملاقات کریں گے ۔ شام میں نیو یارک روانہ ہوں گے ۔ 7 مئی کو بزنس مین سے ملاقات کریں گے ۔ شام میں نیوجرسی پہونچ کر این آر آئیز کے پروگرام سے خطاب کریں گے ۔ 8 مئی کو فٹس برگ میں جہاں میلان یونیورسٹی کے سی ای او سے ملاقات کریں گے ۔ 9 مئی کو ڈیلاس صبح میں تاجرین کے ساتھ ، بریک فاسٹ ، اور لنچ میٹنگس کے تحت ملاقات کریں گے ۔ شام میں این آر آئیز سے ملاقات کریں گے ۔ 11 مئی کو گوگل کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے ۔ 12 مئی کو سوشیل امپکٹ انوسٹرس اور تاجرین سے ۔ 13 مئی کو اسٹیفن فورڈ یونیورسٹی کا دورہ ۔ 14 مئی کو بھی تاجرین سے ملاقات کریں گے ۔ 15 مئی کو ٹیکان کانفرنس میں شرکت ، 16 مئی کو ٹیلی کام ، نیٹ ورک کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے ۔ شام میں این آر آئیز سے ملاقات اور 18 مئی کو مائیکرو سافٹ سی ای او ستیہ ناڈیلا سے ملاقات کریں گے ۔۔