اسکیم پر عمل آوری کو یقینی بنانے عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد یکم جنوری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش میں ’نقد بدلی اسکیم‘ کے دوسرے مرحلہ کا آج سے آغاز ہوا ملک بھر کے 630 اضلاع میں اس اسکیم پر عمل آوری کی جائے گی ۔ اس اسکیم کے پہلے مرحلہ کی عمل آوری کیلئے ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش میں 12 اضلاع کا انتخاب کیا گیا تھا ۔ مابقی اضلاع کو دوسرے مرحلہ میں شامل کیاگیا تھا ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی او رکہا کہ تلنگانہ کے اضلاع کریم نگر ، ورنگل ، نظام آباد ، میدک ،کھمم ، نلگنڈہ اور محبوب نگر میں آج سے اس اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوا اسی طرح آندھرا پردیش کے اضلاع وشاکھاپٹنم ،وجیا نگرم کرنول اور نیلور میں اس اسکیم پر عمل آوری شروع کی گئی ۔ بتایا جاتا ہیکہ پہلے مرحلے میں نقد بدلی اسکیم کی عمل آوری میں پیش آئیں بعض فنی دشواریوں و مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے دوسرے مرحلہ میں کسی بھی نوعیت کی مشکلات پیش نہ آنے کیلئے عہدیداران متعلقہ نے موثر اقدامات کئے ہیں اور کہا کہ صارفین گیاس کی تفصیلات آدھار کارڈ سے مربوط ہونے یا نہ ہونے سے متعلق مسیح (Message) کے ذریعہ صافین کو مطلع کیا جائے گا ۔ اس طرح گیاس صارفین کو اس مسیج سے آگاہ رہنے کا موقع فراہم ہوگا ۔ پکوان گیاس سبسیڈی کے حصول کیلئے آدھار کارڈ یا بینک کا اکاونٹ نمبر (کھاتہ ) سے مربوط نہ کرنے کی صورت میں مارکٹ قیمت پر گیاس کی خریدی کرنا پڑے گا ۔ بتایا جاتا ہیکہ نقد بدلی اسکیم کے دوسرے مرحلہ کی عمل آوری کے ساتھ ہی دونوں ریاستوں تلنگانہ و آندھرا پردیش کے 11 اضلاع کیصارفین کو آدھار کارڈ یا بینک کھاتہ کو پیش کرنے کیلئے عہدیداروں نے ماہ مئی کے اختتام تک مہلت دی ہے ۔ اگر مقررہ مدت تک آدھار کارڈ یا بینک کھاتہ پیش نہ کرنے کی صورت میں یکم جون سے گیاس سیلنڈر مارکٹ کی قیمت ادا کر کے ہی حاصل کرنا پڑے گا ۔ بتایا جاتا ہیکہ اس سلسلہ میں مرکزی حکومت نے اعلان بھی جاری کردیا ہے ۔