23 تا 26 جولائی حیدرآباد میں گلوبل فارما ایکسپو اینڈ سمٹ 2015 مقرر
حیدرآباد ۔11 ۔مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد میں گلوبل فارما ایکسپو اینڈ سمٹ 2015 ء کا انڈس فاؤنڈیشن کی جانب سے 23 تا 26 جولائی سہ روزہ سمٹ کا انعقاد حیدرآباد میں ہوگا جو کہ تلنگانہ و آندھراپردیش چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے علاوہ او ایم آئی سی ایس گروپ کی اعانت سے کیا جائے گا ۔ عالمی سطح پر فارما صنعت کو حاصل ہورہے فروغ اور ریاستی آندھراپردیش و تلنگانہ کو درکار سرمایہ کاری کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ گلوبل فارما ایکسپو اینڈ سمٹ کے حیدرآباد میں انعقاد سے دونوں ریاستوں کو فائدہ حاصل ہوگا اور ادویات سازی کی صنعتیں ان ریاستوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا مظاہرہ کرے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ مالی سال تک فارما صنعت 35.9 بلین ڈالر کی مالیت تک پہنچ جائے گی جبکہ 2020 ء تک کے نشانہ کے مطابق ادویہ سازی کی صنعتیں 55 بلین تک پہنچنے کے امکان ہیں۔ مسٹر ایس بی انومولو صدر انڈس فاؤنڈیشن نے بتایا کہ حیدرآباد میں منعقد ہونے والے گلوبل فارما ایکسپو اینڈ سمٹ کے دوران دنیا بھر کے مختلف ممالک سے 4000 سے زائد مندوبین کی شرکت کی توقع کی جا رہی ہے۔ اس سہ روزہ اجلاس میں عالمی صحت ایوارڈ و دیگر شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والی خدمات میں بہترین کارکردگی پر بھی ایوارڈس دیئے جائیں گے ۔ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم اور تشکیل تلنگانہ کے بعد دونوں ریاستوں کی جانب سے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کے حصول پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے تاکہ ریاستی ترقی میں بیرونی سرمایہ حاصل کیا جاسکے۔ ادویات سازی کی کمپنیاں جو کہ چند برس قبل کرناٹک میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا مظاہرہ کر رہی تھی، ریاست کی تقسیم کے بعد آندھراپردیش اور تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے فوائد و ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لے رہی ہیں۔