سنٹرل حج کمیٹی سے قرعہ کا طریقہ کار کا تعین، پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد ۔2۔جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین حج کی قرعہ اندازی 5 مارچ کو مقرر ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 5 مارچ کو تلنگانہ ، آندھراپردیش اور جموں و کشمیر کے عازمین حج کے انتخاب کیلئے قرعہ اندازی کا وقت مقرر کیا گیا ہے ۔ سنٹرل حج کمیٹی قرعہ اندازی کے طریقہ کار کا تعین کرے گی ۔ تلنگانہ میں اضلاع کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر ریاستی سطح پر قرعہ اندازی کرنے کی سنٹرل حج کمیٹی سے سفارش کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال 4900 عازمین حج حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے تھے جن میں آندھراپردیش اور کرناٹک کے عازمین بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حج فارمس کی اجرائی سے حج 2017 ء کی سرگرمیوں کا عملاً آغاز ہوچکا ہے اور ایک ہی دن تمام اضلاع میں فارمس کی اجرائی کا آغاز ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ درخواستوں کو پر کرنے ، جانچ اور دیگر امور کے سلسلہ میں 20 سے زائد خصوصی کاؤنٹرس حج ہاؤز میں قائم کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ حج کمیٹی عازمین حج کو مفت زیراکس کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ درخواست کے ساتھ 300 روپئے کا چالان جو ایس بی آئی یا یونین بینک کا حاصل کردہ ہو ، جمع کیا جائے۔ پاسپورٹ کی زیراکس کے علاوہ آدھار ، راشن کارڈ یا ووٹر آئی ڈی کی زیراکس پیش کی جاسکتی ہے۔ درخواستیں 24 جنوری تک قبول کی جا ئیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال عازمین حج کو میڈیکل گراؤنڈ پر محرم تبدیل کرنے کی گنجائش رہے گی ۔ سابق کی طرح عزیزیہ اور گرین دو زمرہ جات ہوں گے۔ گرین زمرہ کے عازمین کو پکوان کی اجازت نہیں رہے گی اور انہیں اپنے طور پر کھانے کا انتظام کرنا پڑے گا کیونکہ یہ رہائش حرم سے 1000 میٹر کے حدود میں ہوتی ہے ۔ عزیزیہ زمرہ کی رہائش کا انتظام 7 تا 8 کیلو میٹر کے حدود میں ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ عزیزیہ زمرہ کے عازمین حیدرآبادی رباط میں قیام کے اہل ہوں گے جس کے لئے قرعہ اندازی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کی کاوشوں کے نتیجہ میں گزشتہ سال 700 عازمین حج کیلئے رباط میں قیام کا انتظام کیا گیا تھا ۔ رباط میں قیام کرنے والے عازمین کو فی کس 48,000 روپئے کی بچت ہوتی ہے۔