تلنگانہ کے 17 ہزار درخواستوں کی جاریہ ماہ قرعہ اندازی کی تاریخ کو قطعیت، پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد۔یکم۔جنوری(سیاست نیوز) حج 2018 ء میں مرکزی حکومت نے خواتین کو محرم کے بغیر حج کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ محرم کے بغیر درخواست گزاروں کو قرعہ اندازی کے بغیر منتخب فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حنفی اور دیگر مسالک کے تحت خواتین کو محرم کے بغیر حج یا عمرہ کی اجازت نہیں ہے لیکن مرکزی حکومت نے متنازعہ فیصلہ کے ذریعہ شرعی امور میں مداخلت کی کوشش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے ملک بھر سے بغیر محرم کے حج کے سلسلہ میں 1200 درخواستیں موصول ہوئی ہیں ، جن میں زیادہ تر درخواستیں کیرالا سے ہے۔ جنوبی ریاستوں بالخصوص تلنگانہ اور آندھراپردیش سے اس ضمن میں ایک بھی درخواست داخل نہیں کی گئی۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ محرم کے بغیر حج کیلئے نہ صرف کسی نے درخواست داخل نہیں کی بلکہ کسی خاتون کی جانب سے اس سلسلہ میں استفسار بھی نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کو موصولہ 17000 سے زائد درخواستوں کی قرعہ اندازی کیلئے 8 تا 15 جنوری تاریخ طئے کی جائے گی۔ سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے تمام ریاستوں کو حج کوٹہ الاٹ کرنے کے بعد قرعہ اندازی کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے درخواست گزار جنہوں نے ابھی تک ہارڈ کاپی داخل نہیں کی ہے، ان سے خواہش کی گئی ہے کہ فوری اپنے دستاویزات داخل کریں، تاخیر کی صورت میں ان کا نام قرعہ اندازی میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت جاریہ سال رباط میں زائد عازمین کے قیام کیلئے ناظر رباط سے ربط میں ہے۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے جاریہ سال حج میں مزید ایک عمارت حاصل کرنے کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال بھی آندھراپردیش کے عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہوں گے، جن کیلئے حج ہاؤز میں کیمپ منعقد کیا جائے گا۔