تلنگانہ و آندھرا پردیش اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا بیک وقت اہتمام

حیدرآباد۔/27فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش ریاستوں کے بجٹ اجلاس کے بیک وقت انعقاد کے سبب پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں حفاظتی انتظامات کی تیاری میں مصروف ہوچکی ہیں۔ بجٹ اجلاس کے موقع پر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے چیف سکریٹری تلنگانہ راجیو شرما اور ڈائرکٹر جنرل پولیس انوراگ شرما نے آج دونوں اسمبلیوں کے اسپیکرس اور قانون ساز کونسل کے صدور نشین سے ملاقات کی۔ انہوں نے دونوں اسمبلی اور کونسلس کے اجلاس کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے کئے جارہے اقدامات سے واقف کرایا۔ اسمبلی اور کونسل کے احاطہ میں بیک وقت دونوں ریاستوں کے اجلاس کے انعقاد کے سبب زبردست سرگرمیاں دیکھی جاسکتی ہیں اس لئے حکومت چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے تاکہ کسی بھی ریاست کے ارکان کو اجلاس میں شرکت یا اپنے فرائض کی تکمیل میں دشواری نہ ہو۔ یہ پہلا موقع ہے جب دونوں ریاستوں کے بجٹ اجلاس کا ایک ہی دن آغاز ہورہا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں پھر ایک بار 4مارچ کو چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل پولیس دونوں ریاستوں کے اسپیکرس اور کونسل کے صدورنشین سے ملاقات کریں گے۔ اسمبلی کی گیٹ نمبر (1)سے تلنگانہ اور گیٹ نمبر (2)سے آندھرا پردیش کے وزراء کیلئے داخلہ کی اجازت رہے گی جبکہ گیٹ نمبر (3)سے دونوں ریاستوں کے ارکان اسمبلی داخل ہوسکتے ہیں۔ ارکان اسمبلی کیلئے پبلک گارڈن میں پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ اسمبلی اور کونسل کے روبرو دونوں ریاستوں سے تعلق رکھنے والی پولیس حفاظتی انتظامات پر مامور رہے گی۔