تلنگانہ و آندھرا میں 4 ہزار بینک برانچس میں کام کاج مفلوج

حیدرآباد 29 جولائی ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں تقریبا 4,000 بینک شاخوں پر آج کام کاج متاثر رہا جبکہ عوامی شعبہ کے بینکوں کے ملازمین نے آج ایک دن کی ہڑتال کی تھی ۔ ان ملازمین نے ایس بی آئی سے ملحقہ بینکس کے انضمام کی تجویز کے خلاف یہ احتجاج کیا تھا ۔ آل انڈیا بینک ائمپلائز اسوسی ایشن کے سکریٹری بی ایس رام بابو نے کہا کہ دونوں ریاستوں میں کلئیرنگ خدمات آج متاثر رہی ہیں کیونکہ تقریبا 70,000 ملازمین نے جو مختلف بینکوں میں برسر کار ہیں آج ہڑتال میں حصہ لیا ہے ۔ رام بابو نے بتایا کہ دونوں تلگو ریاستوں کی تقریبا 4,000شاخوں کو آج بند کرنا پڑا کیونکہ ملازمین احتجاج پر تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ریاستوں میں اہم مقامات پر ملازمین نے احتجاجی مظاہرے بھی کئے ۔ آندھرا بینک اوارڈ ائمپلائز اسوسی ایشن نے بتایا کہ ملک بھر میں 2,800 برانچس میں اس کے ملازمین نے بھی احتجاج میں حصہ لیا ہے ۔