تلنگانہ و آندھرا میں گرمی کا قہر جاری

شام تک بھی درجہ حرارت میں کمی نہیں ‘ لہر دو دن جاری رہے گی
حیدرآباد 5 مئی ( سیاست نیوز ) دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ و آندھرا پردیش میں گرمی کی شدت بڑھتی جا رہی ہے اور یہاں در جہ حرارت 45 ڈگری اور 47 ڈگری سلسئیس تک پہونچ گیا ہے ۔ شدت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ درجہ حرارت شام کے وقت بھی کم ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے ۔ گنٹور ضلع کے منگل گیری میں درجہ حرارت ہفتہ کی شام 4 بجے بھی 45.64 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ راجمنڈری اور پولاورم میں شام کے وقت درجہ حرارت 46 ڈگری اور 45.89 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ آندھرا میں زائد از 100 مقامات پر درجہ حرارت 44 ڈگری ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔ تلنگانہ میں بھی درجہ حرارت بے تحاشہ بڑھتا جا رہا ہے ۔ فوری طور پر گرمی کی شدت میں کمی کا بھی کوئی امکان نہیں دیکھا جارہا ہے ۔ اس دوران دفتر موسمیات نے خبردار کیا کہ تلنگانہ میں جاریہ گرم موسم میں کسی تبدیلی کے آثار نہیں ہیں۔ اضلاع عادل آباد، آصف آباد، نرمل، نظام آباد، جگتیال، منچریال، سرسلہ، پداپلی، کریم نگر، بھوپال پلی، کوتہ گوڑم، ورنگل، محبوب آباد، کھمم، سوریہ پیٹ اور نلگنڈہ میں گرمی کی جاریہ لہر مزید دو دن برقرار رہے گی۔