حیدرآباد 21 مئی ( سیاست نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق تلنگانہ اور آندھرا پردیش شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جن میں اضلاع عادل آباد ‘نظام آباد ‘ کریم نگر ‘ورنگل ‘ کھمم ‘ میدک رنگاریڈی حیدرآباد نلگنڈہ اور محبوب نگر شامل ہے اور درجہ حرارت اعظم ترین 45 ڈگری سے زائد اور اقل ترین 31 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا امکان ہے ۔ دونوں ریاست میں شدید گرمی کے سبب گذشتہ 48 گھنٹے کے دوران 63 افراد فوت ہوچکے ہیں ۔ تلنگانہ میں سن اسٹروک سے لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 50 ہے جبکہ 13 افراد آندھرا پردیش میں فوت ہوئے ۔ سرکاری ذرائع نے اس بات کا انکشاف کیا ۔ شدید گرمی کے سبب مارکٹس ‘تجارتی علاقے ‘شاپنگ مالس اور سڑکیں ویران نظر آرہی ہیں ۔ حیدرآباد میں آج ایک گرم ترین دن تھا اور درجہ حرارت تقریبا 44.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی یہ شدت آئندہ تین دن تک برقرار رہے گی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ شمال مشرقی اور شمالی حصوں میں خشک ہوائیں چلنے کی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ریاست میں آج معمول کی زندگی بری طرح متاثر رہی اور بڑے شہروں و ٹاؤنس میں سڑکیں سنسان نظر آرہی تھیں۔ عوام نے گھروں میں رہنے کو ترجیح دی۔کولڈرنگس، مشروبات اور لسی کے علاوہ ناریل پانی کی فروخت میں گرمی کے باعث اضافہ ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ غیرمنقسم ریاست آندھرا پردیش میں 2013ء کے دوران گرمی کی شدید لہر دیکھی گئی تھی جس میں ایک ہزار افراد فوت ہوئے تھے جبکہ گزشتہ سال 200 سے زائد افراد گرمی کی لہر کا شکار ہوئے تھے۔