حیدرآباد۔ 28 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گرمی کی لہر سے فوت ہونے والوں کی تعداد 440 ہوگئی ہے۔ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ آج 7 بجے شام تک موصولہ اطلاع کے مطابق دھوپ کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد کل 340 کے مقابلہ بڑھ کر 440 ہوگئی ہے۔ ضلع میدک میں 35، عادل آباد 22، نظام آباد 17، ورنگل 12 اور حیدرآباد و رنگاریڈی اضلاع میں فی کس 7 افراد فوت ہوگئے۔ اسی طرح آندھرا پردیش میں گرمی سے مرنے والوں کی تعداد 1,300 سے متجاوز ہوگئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 314 افراد فوت ہوئے اور 8:30 بجے شب تک کی اطلاع کے مطابق مرنے والوں کی مجموعی تعداد 1,334 تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران آج رات حیدرآباد میں موسم کسی قدر خوشگوار ہوگیا اور عوام نے گرمی سے راحت کی سانس لی۔ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بوندا باندی ہوئی، تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی لہر مزید دو دن جاری رہنے کی توقع ہے۔