تلنگانہ و آندھرا میں موسم انتہائی سرد

حیدرآباد۔ 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں موسم انتہائی سرد ہوچکا ہے اورحیدرآباد کے علاوہ دیگر کئی مقامات پر عوام کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ آندھرا پردیش کے نندی گاما میں سب سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ تلنگانہ کے عادل آباد میں درجہ حرارت 4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا ہے۔حیدرآباد میں درجہ حرارت اب تک کا سب سے کم 9.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرد موسم کا یہ سلسلہ مزید 3 دن برقرار رہنے کا امکان ہے۔ عادل آباد ، کریم نگر ، نظام آباد ، میدک ، رنگاریڈی اور حیدرآباد اضلاع میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ موسم سرد ہونے کی وجہ سے صبح کے وقت عوام گھروں میں آرام کو ہی ترجیح دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ شام میں سڑکوں پر ٹریفک میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے۔ اونی کپڑوں جیسے سوئٹرس اور ٹوپیوں کی مانگ بڑھ گئی ہے بعض مقامات پر سردی سے بچنے کیلئے لوگ آگ تاپتے ہوئے دیکھے جارہے ہیں۔