تلنگانہ و آندھرا حکومتوں کے مابین آبپاشی پراجیکٹس پر تکرار

کرشنا آپ کے باپ کی جاگیر نہیں ‘ پراجیکٹ بہر صورت مکمل کیا جائیگا ۔ چندر شیکھر راؤ کا جواب
حیدرآباد ۔ 11 جون ( پی ٹی آئی ) نوٹ برائے ووٹ اسکام اور فون ٹیاپنگ الزامات تلنگانہ و آندھرا حکومتوں کے مابین زبردست تنازعہ کی وجہ بننے کے بعد ایسا لگتا ہے کہ دونوں ریاستوں کی حکومتیں اب آبپاشی پراجیکٹ کی تعمیر پر تصادم کی راہ اختیار کرینگی ۔ دونوں حکومتوں کے مابین تنازعہ کی وجہ پالمور ۔ رنگا ریڈی لفٹ آبپاشی اسکیم بن سکتی ہے جس کو حکومت تلنگانہ نے شروع کیا ہے ۔ آندھرا پردیش کے وزیر آبپاشی ڈی اوما مہیشور راؤ نے آج سوال کیا کہ آیا تلنگانہ نے اس پراجیکٹ کیلئے کرشنا ریور واٹر مینجمنٹ بورڈ سے اجازت نامہ حاصل کیا ہے ۔ اوما مہیشور راؤ نے آج کہا کہ تنظیم جدید آندھار پردیش قانون کے مطابق تلنگانہ کو کرشنا ریور واٹر مینجمنٹ بورڈ سے تفصیلی پراجیکٹ رپورٹ پر منظوری حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ آیا تلنگانہ حکومت نے یہ منظوری حاصل کی ہے ؟ ۔ آیا حکومت تلنگانہ نے یہ رپورٹ مرکزی آبی کمیشن کو پیش کی ہے؟ ۔ آیا ریاستی حکومت نے کرشنا ریور واٹر مینجمنٹ بورڈ سے فنی منظوری حاصل کی ہے ؟ ۔ تاہم چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے اس پراجیکٹ کو مکمل کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے اور آندھرا پردیش کے اعتراضات پر تنقید کی ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ آیا کرشنا آپ کے والد کی جاگیر ہے ؟ ۔ انہوں نے آندھرا حکومت سے سوال کیا کہ آیا غیر منقسم ریاست میں ان کے پراجیکٹس جیسے ہنڈری ۔ نیوا ‘ پوتی ریڈی پاڈو ‘ سوما سیلا ‘ ویلی گونڈہ اور دوسرے پراجیکٹس کو منظوری حاصل تھی ؟ ۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ پٹی سیما پراجیکٹ پولاورم پراجیکٹ سے دریائے کرشنا کو پانی موڑنے کیلئے شروع کیا گیا ۔ اس پر کس سے منظوری حاصل کی گئی ؟ ۔ کے سی آر نے کہا کہ اگر لارڈ ہری ‘ شیوا اور برہما بھی درمیان میں آجائیں ۔ اگر تمہارے دادا بھی آجائیں تو وہ یہ پراجیکٹ مکمل کرینگے ۔ یہ پالمور میں ان کا عہد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ برجیش کمار ٹریبونل کی جانب سے غیر منقسم آندھرا کو الاٹ 100 ٹی ایم سی فیٹ پانی کا اپنا حصہ حاصل کریگی ۔