19 اگست سے عازمین کی آمد، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد۔/30جولائی، ( سیاست نیوز) حج 2016کیلئے حج ہاوز میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین کا کیمپ 18اگسٹ سے شروع ہوگا اور19 اگسٹ سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ شروع ہوجائیگا۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش حج کمیٹیوں نے مشترکہ طور پر کیمپ کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے اور انتظامات کو قطعیت دینے کیلئے 4اگسٹ کو 26سرکاری محکمہ جات کے ساتھ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے علاوہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے اقلیتی بہبود کے عہدیدار اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس اجلاس میں حج کیمپ اور پھر ایر پورٹ پر عازمین کی روانگی کے انتظامات کو قطعیت دی جائے گی۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 21 تا28 اگسٹ عازمین حج کی 15 فلائیٹس کا شیڈول طئے کیا گیا ہے۔ ایر انڈیا مسلسل دوسری مرتبہ عازمین حج کیلئے پروازیں چلائے گا۔ سنٹرل حج کمیٹی سے اضافی کوٹہ ملنے کی صورت میں دونوں ریاستوں کیلئے مزید 4 پروازوں میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ حکومت سعودی عرب اگر ایران کے کوٹہ کو تقسیم کرے گی تو ہندوستان کے حصہ میں 20 ہزار نشستیں آسکتی ہیں جن میں 17ہزار سنٹرل حج کمیٹی کو آئیں گی۔ توقع کی جارہی ہے کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کیلئے فی کس ایک، ایک ہزار عازمین کا زائد کوٹہ الاٹ ہوگا تاہم شرط یہی ہے کہ حکومت سعودی عرب فیصلہ کرے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں تلنگانہ کے عازمین روانہ ہوں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں آندھرا پردیش کے علاوہ سابق ریاست حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے اضلاع کے عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ تمام پروازیں حیدرآباد سے جدہ کیلئے روانہ ہوں گی اور عازمین احرام کی حالت میں روانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ اندازی کیلئے ویکسن چینائی پہنچ چکا ہے اور 4 اگسٹ تک حیدرآباد منتقل کردیا جائیگا بعد میں شہر اور اضلاع میں ٹیکہ اندازی کے کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں ایر پورٹ میں حج ٹرمینل کے دورہ کے پروگرام کو قطعیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حج ہاوز میں عازمین حج کے طعام و قیام اور پھر حج ٹرمینل میں موثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ تاحال مقررہ حج کوٹہ کے علاوہ تلنگانہ میں 209 عازمین کی اضافی ویٹنگ لسٹ منظور ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مکہ مکرمہ میں رباط میں قیام کے سلسلہ میں دوسری بلڈنگ کی تصریح کے حصول کی کارروائی جاری ہے۔ توقع ہے کہ اندرون ایک ہفتہ ناظر رباط حسین محمد الشریف کو تصریح حاصل ہوجائے گی اور دوسری عمارت جو بکوتما علاقہ میں واقع ہے 328 افراد کے قیام کی گنجائش رہے گی۔ اس میں شاہی خاندان کے افراد کو 10 فیصد کے حساب سے 43 اور 2 خادم الحجاج کیلئے نشستیں الاٹ کی جائیں گی اور 383 عازمین کو قیام کی سہولت فراہم ہوگی جس کیلئے پہلے ہی قرعہ اندازی کرتے ہوئے فہرست تیار کرلی گئی۔ پہلی عمارت جو شیشہ میں واقع ہے 250 افراد کی گنجائش پر مشتمل ہے اور شاہی خاندان کے 25 اور ایک خادم الحجاج کو منہا کرتے ہوئے 224 عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کیا گیا۔ اگر شاہی خاندان کے افراد کی تعداد کم ہو تو مخلوعہ نشستوں پر ویٹنگ لسٹ سے انتخاب ہوگا۔