تلنگانہ و آندھراپردیش کے عازمین حج کا ووٹنگ لسٹ سے انتخاب

سنٹرل حج کمیٹی کی منظوری، حج مصارف کی رقم جمع کروانے کا مشورہ
حیدرآباد۔ /25اپریل، ( سیاست نیوز) سنٹرل حج کمیٹی نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کیلئے ویٹنگ لسٹ سے جملہ 200عازمین کا انتخاب کیا ہے جو حج 2015 کی سعادت حاصل کرپائیں گے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ وزارت خارجہ نے ویٹنگ لسٹ کے تحت جملہ 3237 افراد کے انتخاب کیلئے نشستیں جاری کی ہیں ان میں مرکزی زیر انتظام علاقوں کیلئے 500نشستیں الاٹ کی گئیں جبکہ دیگر ریاستوں کیلئے 2737 نشستوں کا کوٹہ الاٹ کیا گیا۔ مرکزی حج کمیٹی نے مسلم آبادی کے تناسب سے اس کوٹہ کو تقسیم کیا ہے جس کے مطابق تلنگانہ کو 110 اور آندھرا پردیش کو 90 نشستیں الاٹ ہوئی ہیں۔ دونوں ریاستوں کی موجودہ ویٹنگ لسٹ میں سے عازمین کا انتخاب کیا جائے گا۔ تلنگانہ کی ویٹنگ لسٹ نمبر 1تا 109 اور آندھرا پردیش کی ویٹنگ لسٹ سے 1تا 89 درخواست گذار حج کی سعادت حاصل کرپائیں گے۔ ویٹنگ لسٹ کے ان منتخب عازمین سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ حج مصارف کی پہلی قسط 81ہزار روپئے بینک میں جمع کردیں اور اس کی رسید کے ساتھ اپنا اوریجنل پاسپورٹ اور ایک کلر فوٹو دفتر حج کمیٹی حج ہاوز نامپلی میں داخل کریں۔ رقم جمع کرنے اور دستاویزات داخل کرنے کی آخری تاریخ 8مئی 2015ء ہے۔ اسی دوران تلنگانہ حکومت نے مرکز سے زائد حج کوٹہ کے حصول اور سعودی ایر لائنز سے عازمین کی روانگی کیلئے مساعی شروع کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 5مئی کو نئی دہلی کا دورہ کریں گے اس دورہ میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ نئی دہلی میں چیف منسٹر کے ذریعہ وزیر خارجہ سشما سوراج سے ان دونوں اُمور پر نمائندگی کی جائے گی۔ تلنگانہ کیلئے مزید 2000 عازمین کا کوٹہ حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ عازمین کی روانگی ایر انڈیا کے بجائے سعودی ایر لائنز سے انجام دینے کی خواہش کی جائے گی۔ سنٹرل حج کمیٹی نے عازمین کی روانگی کیلئے ملک بھر میں جو شیڈول طئے کیا ہے اس کے مطابق تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین ایر انڈیا کی پروازوں سے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ حیدرآباد سے عازمین کی روانگی کے آغاز سے سعودی ایرلائنز یہ خدمت انجام دے رہا ہے۔ سعودی ایر لائنز کے بجائے ایر انڈیا سے روانگی کی اطلاع پر عازمین حج میں بے چینی پائی جاتی ہے۔