تلنگانہ و آندھراپردیش کے حجاج کرام کے قربانی و حلق کی تکمیل

رمی جمار کے بعد منیٰ کیمپس کو واپس، ایک خاتون حاجی کی طبعیت اچانک خراب، حجاج نے خشوع و خضوع کے ساتھ عیدالاضحی بھی منائی
حیدرآباد۔/4اکٹوبر ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے حجاج کرام آج صبح مزدلفہ سے رمی جمار کے بعد منٰی میں واقع اپنے کیمپوں کو واپس ہوگئے جہاں انہوں نے قربانی اور حلق کی تکمیل کی۔ حجاج کرام نے حلق کے بعد احرام اُتار کر نئے لباس زیب تن کرلئے ہیں۔ اس طرح انہوں نے آج عیدالاضحی منائی۔ رمی جمار میں آج بڑے شیطان کو کنکریاں ماری جاتی ہیں جس کے بعد قربانی اور حلق کی تکمیل ہوتی ہے۔ حج کے فریضہ کی تکمیل کے بعد تین دن رمی جمار کیا جاتا ہے اور اس دوران حجاج کرام منٰی میں اپنے خیموں میں قیام کرتے ہیں۔ حجاج کرام کے ساتھ موجود حج کمیٹی کے عہدیداروں اور انڈین حج مشن نے اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کو اطلاع دی کہ بیشتر عازمین حج طواف زیارت کیلئے مکہ مکرمہ روانہ ہوئے ہیں۔ انہیں تین دن میں کسی وقت بھی طواف زیارت کی گنجائش ہے۔ مزید دو دن منٰی میں قیام کے دوران بھی وہ مکہ مکرمہ پہنچ کر طواف زیارت کرسکتے ہیں۔ حج مشن کی اطلاع کے مطابق میدان عرفات میں قیام کے دوران حج کمیٹی کی ایک خاتون حاجی کی طبیعت اچانک بگڑ گئی جس پر انہیں فوری منیٰ میں واقع ہاسپٹل منتقل کیاگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کی حالت اطمینان بخش ہے۔ عرفات میں قیام کے دوران بعض حجاج کرام راستہ بھٹک گئے اور مقررہ وقت پر اپنے کیمپ واپس نہ ہوسکے تاہم بعد میں سعودی حکومت کے والینٹرس نے راستہ بھول جانے والے حجاج کرام کو ہندوستانی کیمپس تک پہنچادیا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تمام حجاج کرام خیریت سے ہیں اور حج کی تکمیل پر ان میں غیرمعمولی مسرت کی کیفیت پائی جاتی ہے۔ کئی حجاج کرام نے راست طور پر اسپیشل آفیسر سے ربط قائم کرتے ہوئے انتظامات کی ستائش کی اور حج اکبر کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کیا۔ اسپیشل آفیسر نے حج کمیٹی کے عہدیداروں اور خادم الحجاج کو ہدایت دی ہے کہ وہ منٰی میں قیام کے دوران حجاج کرام کی صحت کا بطور خاص خیال رکھیں اور ڈاکٹرس کی ٹیم کو کیمپس کے پاس ہمیشہ تیار رکھیں۔اس کے علاوہ ایام حج کے بعد بھی مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قیام کے دوران حجاج کی مکمل رہنمائی کی جائے۔ اسی دوران پروفیسر ایس اے شکور نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے حجاج کرام کو حج اکبر اور عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے دونوں ریاستوں کے مسلمانوں کو بھی عید کی مبارکباد دی اور اپنے پیام میں کہا کہ عید امت مسلمہ کو حق و صداقت کیلئے اپنے مفادات کو قربان کرنے کا درس دیتی ہے۔ واضح رہے کہ حیدرآباد سے سعودی ایر لائنس سے 18 فلائیٹس کے ذریعہ جملہ 6043 فرزندان توحید روانہ ہوئے تھے جن میں تلنگانہ کے 3928، آندھرا پردیش کے 1376 اور کرناٹک کے 739 شامل ہیں۔