5 اکٹوبر سے قافلوں کی وطن واپسی، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد۔/24ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے حجاج کرام کی مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ روانگی کا 25ستمبر سے آغاز ہوگا اور 2 اکٹوبر تک 8 قافلے مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوں گے جہاں تقریباً 8 تا 9 دن ان کا قیام رہے گا۔ مدینہ منورہ میں روضہ اقدس پر حاضری اور 40نمازوں کی ادائیگی کے بعد 5 اکٹوبر سے قافلوں کی وطن واپسی کا آغاز ہوگا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ایر انڈیا نے حجاج کرام کی واپسی کیلئے اپنے شیڈول میں معمولی تبدیلی کی ہے۔ پہلا قافلہ 5 اکٹوبر کی اولین ساعتوں میں صبح 3 بجکر 35 منٹ پر راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ پہنچے گا جہاں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور دیگر عہدیدار استقبال کریں گے۔ روانگی کے وقت جس ترتیب سے قافلے گئے تھے اسی ترتیب سے ان کی واپسی عمل میں آئے گی۔ 11اکٹوبر کو 3 قافلوں کی واپسی سے حجاج کرام کی واپسی مکمل ہوجائے گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 5اکٹوبر کو وطن واپس ہونے والے حجاج کرام 25 ستمبر کو مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ روانہ ہوں گے۔ معلم کی جانب سے روانگی کیلئے خصوصی بسوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 اکٹوبر کو حیدرآباد واپسی والے حجاج 26 ستمبر کو مدینہ منورہ پہنچیں گے۔ 7 اکٹوبر کو 2 قافلوں کی مدینہ منورہ سے واپسی ہوگی اور یہ حجاج کرام 27 ستمبر کو مدینہ منورہ روانہ ہوں گے۔ 8 اکٹوبر کو 2 قافلے اور 9 اکٹوبر کو 3 قافلوں کی واپسی ہوگی اور یہ حجاج کرام علی الترتیب 27اور 28ستمبر کو مدینہ منورہ پہنچیں گے۔ 10 اکٹوبر کو واپسی کا قافلہ یکم اکٹوبر کو مدینہ منورہ پہنچے گا۔ 11 اکٹوبر کو 2 آخری قافلوں کی واپسی ہوگی اُن میں پہلے قافلہ کے حجاج یکم اکٹوبر اور دوسرے قافلہ کے 2 اکٹوبر کو مدینہ منورہ پہنچیں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حجاج کرام کو مدینہ منورہ میں حاضری کے آداب سے واقف کیا جارہا ہے۔ حجاج کرام مدینہ منورہ روانگی سے قبل طواف وداع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے تمام حجاج کرام خیریت سے ہیں اور خادم الحجاج وہاں کی صورتحال سے روزانہ حج کمیٹی کو واقف کروارہے ہیں۔ حج کمیٹی کے عہدیدار بہت جلد ایر پورٹ کے حج ٹرمنل کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی حج ٹرمنل میں حجاج کرام کی واپسی کے موقع پر مؤثر انتظامات کئے جائیں گے۔