ٹی آر سی کا اجلاس، پروفیسر کے ویملا و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔12اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ ویمنس کمیشن کے عاجلانہ قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے پروفیسرکے ویملا نے کہاکہ تلنگانہ تحریک کی کامیابی میںخواتین نے اہم رول ادا کیا ہے باوجود اسکے تلنگانہ کے خواتین ہنوز انصاف سے محروم ہیں۔ آج یہا ں چندرم حمایت نگر میں تلنگانہ ریسور س سنٹر کی جانب سے منعقدہ 143ویںمذاکرے ’’بین الاقوامی یوم نسواں اور تلنگانہ ریاست میں حقوق اور تعلیمی سہولتوں کی فراہمی‘‘ سے صدارتی خطاب کے دوران پروفیسر ویملا نے کہاکہ آئے دن تلنگانہ کے خواتین حکومت کی عدم توجہہ کے سبب تعلیمی پسماندگی کا شکار ہوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے مختلف کمیٹیوں اور کمیشنوں کے سفارشات کے حوالے دیتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ ریاست کی خواتین میں ناخواندگی کا تناسب مسلسل بڑھتا جارہا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ ویمنس کمیشن کے قیام اور کمیشن کو تلنگانہ کے تعلیمی نظام سے جوڑتے ہوئے تلنگانہ کے خواتین اور لڑکیوں میںبڑھتی ناخواندگی کو ختم کرنے کا حکومت تلنگانہ سے پرزور مطالبہ کیا۔شریمتی ویملا نے چھوٹی ریاستوں میںتلنگانہ میںبڑھتے مظالم کے حوالے سے کہاکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد تلنگانہ میں اسنیک گینگ جیسی تنظیمیں تیزی کے ساتھ اپنے پائوں پھیلارہے ہیں۔انہوں نے شہر کے ساتھ مضافات اور تلنگانہ کے دیہی علاقوں میںبھی خواتین کو غیرمحفوظ قراردیتے ہوئے تلنگانہ میں خواتین کے تحفظ کے لئے موثر انتظامات کا حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا۔ انہوں نے حالیہ دنوں میںچیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کی جانب سے خواتین کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے سڑک چھاپ بدمعاشوں کے ساتھ سخت رویہ اختیار کرنے کی بات پر مسرت کا اظہار کیا۔ شریمتی رتنا مالا‘ پروفیسرشانتی سنہا‘ شریمتی کے انورادھا‘ شریمتی کے ساجایہ‘ شریمتی آر ملیشواری‘ شریمتی ڈی پدماوتی نے بھی اس مذاکرے سے خطاب کے ذریعہ تلنگانہ ویمنس کمیشن کے قیام کا پرزور مطالبہ کیا۔