حیدرآباد۔/22جنوری( سیاست نیوز ) تلنگانہ وکلاجے اے سی نے جی ایچ ایم سی انتخابات میں ٹی آر ایس کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ جے اے سی کا 26جنوری کو عنبر پیٹ میں جلسہ ہوگا جس میں گریٹر حیدرآباد کے وکلا و عوام شرکت کرینگے ۔ جلسہ میں وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ اور دیگر وزراء کو مدعو کیا گیا ہے۔ جے اے سی کی جانب سے جلسہ کا پوسٹر آج جاری کیا گیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے اے سی قائدین نے کہا کہ وکلاء کی جانب سے 10دن تک مختلف علاقوں میں ٹی آر ایس کے حق میں انتخابی مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی صرف ٹی آر ایس سے ہی ممکن ہے۔ گزشتہ عام انتخابات میں عوام نے اپوزیشن جماعتوں کو مسترد کردیا اور ٹی آر ایس واحد عوامی نمائندہ جماعت کی حیثیت سے اُبھری ہے۔ وکلاء نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان کی فلاح و بہبود میں مصروف ٹی آر ایس کو مضبوط کریں۔