16 ستمبر سے بڑے پیمانے پر شعوربیداری مہم، جناب عزیز پاشاہ سابق ایم پی کا بیان
حیدرآباد۔6ستمبر(سیاست نیوز)سینئر کمیونسٹ قائد وسابقہ رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سیدعزیزپاشاہ نے تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کی بازیابی کے لئے بڑے پیمانے پر تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا۔ آج یہاں ایچ اے ایس انڈیا کی جانب سے اوقافی اراضیات کی صیانت کے متعلق منعقدہ دوسرے اجلاس سے صدراتی خطاب کے دوران جناب سیدعزیزپاشاہ نے تلنگانہ کے دس اضلاع میںاوقافی جائیدادوں کی صیانت کے متعلق شعور بیداری مہم کے لئے کاروان وقف شروع کرنے اعلان کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ میدک ضمنی الیکشن کے فوری بعد یعنی 16ستمبر سے کاروان وقف کا آغاز عمل میںآئے گا جس کے ذریعہ تلنگانہ کے تمام دس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرس میںبڑ ے پیمانے پر شعور بیداری مہم چلائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میںبرسراقتدار حکومت ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میںتلنگانہ ریاست میںبرسراقتدار آنے پر اوقافی اراضیات کے متعلق کی گئی دھاندلیوں کی سی بی آئی تحقیقات کا وعدہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ دنوں میںحکومت کی جانب سے اٹھائے گئے تمام اقدامات ٹی آر ایس پارٹی کے انتخابی منشور کی تکمیل کے طور پر دیکھے جارہے لہذا تلنگانہ کے مسلمان اوقافی جائیدادوں کی صیانت اور حفاظت کے متعلق تلنگانہ حکومت کے سنجید ہ رویہ کے لئے پراُمید ہیں۔ جناب سیدعزیز پاشاہ نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد بھی کروڑ ہاروپیوں کے اوقافی جائیدادیں خطرے میں ہیں۔ انہوں نے ماضی کے تجربات سے استفادہ اٹھاتے ہوئے وقف بورڈ کو کمشنریٹ کا درجہ فراہم کرنے کی بھی تلنگانہ حکومت سے اس موقع پر اپیل کی اور کہاکہ وقف بورڈ کو قانونی اختیارات کی فراہمی تلنگانہ میںاوقافی جائیدادوں کی صیانت او ربازیابی کے لئے موثر اقدام ثابت ہوگا۔انہوں نے تحریک کے دوسرے مرحلے میں اوقافی جائیدادوں کی صیانت کے متعلق سمینار اور کنونشن منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا او رکہاکہ تلنگانہ کی قیمتی اوقافی جائیدادوں کی صیانت کے لئے ضرورت پڑنے پر حکمرانوں کے گھیرائو سے بھی گریز نہیںکیا جائے گا۔صدرنشین ایچ اے ایس انڈیا مولانا سید طار ق قادری کے علاوہ مولانا سیدحامد حسین شطاری‘ مولانا حیدرپاشاہ ‘ کنونیر ایس سی‘ ایس ٹی‘ بی سی ‘ مسلم فرنٹ ثناء اللہ خان‘ سید کریم الدین شکیل ایڈوکیٹ‘ عام آدمی پارٹی لیڈر لبنیٰ ثروت‘ٹی آر ایس این آر ائی سل کنونیر ایم اے باسط سابق چیرمن اسٹانڈنگ کمیٹی بلدیہ‘ عبدالقدوس غوری کے علاوہ دیگر نے بھی اس اجلاس میںشرکت کرتے ہوئے کاروان وقف میں مکمل تعاون کا تیقن دیا۔جنرل سکریٹری ایچ اے ایس انڈیا مولانا سید عبدالقادر قادری المعروف وحید پاشاہ نے کاروان وقف کا لائحہ عمل پیش کیا۔خازن جی ایم معراج کے شکریہ پر اجلاس کا اختیام عمل میں آیا۔