تلنگانہ وقف بورڈ کا کل اجلاس

حیدرآباد ۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کا اجلاس 3 نومبر کو صدرنشین محمد سلیم کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ وقف قواعد کے مطابق ہر دو ماہ میں بورڈ کے اجلاس کی طلبی کی شرط کو دیکھتے ہوئے رسمی طور پر اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ بورڈ کا گزشتہ اجلاس 5 ستمبر کو منعقد ہوا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 3 نومبر کے اجلاس میں بعض دفتری امور کو منظوری دینے کے بعد ملتوی کردیا جائے گا۔ اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے اورحکومت کا کوئی ادارہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے فیصلے نہیں کرسکتا۔ ضابطہ اخلاق کے نفاذ کو دیکھتے ہوئے بورڈ نے اہم امور کو ایجنڈہ میں شامل نہیں کیا ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم نے بتایا کہ اجلاس میں پالیسی فیصلوں کے بجائے بعض دفتری امور کی تکمیل کی جائے گی ۔