تلنگانہ وقف بورڈ کا آج اجلاس

تشکیل بورڈ کا ایک سال مکمل ، 80 سے زائد امور ایجنڈے میں شامل
حیدرآباد۔ 23 فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کا اجلاس ہفتہ 24 فبروری کو صدرنشین محمد سلیم کی صدارت میں حج ہائوز میں منعقد ہوگا۔ یہ اجلاس وقف بورڈ کی تشکیل کے ایک سال کی تکمیل کے موقع پر منعقد ہورہا ہے۔ اجلاس میں کئی اہم فیصلوں کا امکان ہے۔ صدرنشین محمد سلیم نے بورڈ کی ایک سالہ کارکردگی پر تفصیلی رپورٹ تیار کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے اور یہ رپورٹ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ اجلاس کے ایجنڈے میں 80 سے زائد امور شامل کیے گئے ہیں جن میں کمیٹیوں اور متولیوں کی نامزدگی جیسے امور شامل ہیں۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ صدرنشین وقف بورڈ نے تمام شعبہ جات سے کارکردگی کے سلسلہ میں تفصیلات طلب کی ہیں۔ بورڈ ایک سالہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ملازمین اور عہدیداروں کے کام کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں فیصلے کرسکتا ہے۔ حالیہ عرصہ میں حکومت نے بورڈ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دفتر کو مہربند کردیا تھا۔ بورڈ کا ریکارڈ سیکشن ابھی بھی پولیس کی نگرانی میں ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ ارکان کو ایک سالہ کارکردگی سے واقف کرائیں گے اور بورڈ میں امکانی اصلاحات کی تجویز پیش کریں گے۔ توقع ہے کہ کئی عہدیداروں کے تبادلے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ صدرنشین نے حال ہی میں وقف انسپکٹرس کے جو تبادلے کیے تھے اس کی توثیق بورڈ سے حاصل کی جائے گی۔