تلنگانہ وقف بورڈ انتخابات ، ایک پرچہ نامزدگی مسترد

متولی اور منیجنگ کمیٹی زمرے سے حکومت تائیدی امیدوار کو منتخب کرنے کوشاں
حیدرآباد۔29 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کے انتخابات کے سلسلہ میں متولی اور منیجنگ کمیٹی کے زمرے میں موصولہ 5 پرچہ جات نامزدگی کی آج جانچ کی گئی جن میں ایک پرچہ نامزدگی کو مسترد کردیا گیا۔ اس طرح اس زمرے میں اب 4 امیدوار میدان میں ہیں جنہوں نے پانچ پرچہ جات نامزدگی داخل کئے ہیں۔ مسلم رکن پارلیمنٹ، ارکان مقننہ اور بار کونسل ممبر کے زمرے میں متفقہ انتخاب کی راہ ہموار ہوچکی ہے۔ متولی اور منیجنگ کمیٹی زمرے میں مسجد بی صاحبہ پنجہ گٹہ کے صدر شرف الدین نے پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ تاہم فہرست رائے دہندگان میں منیجنگ کمیٹی کے سکریٹری اشفاق اللہ کا نام موجود ہے۔ لہٰذا فہرست رائے دہندگان میں نام کی عدم موجودگی کے باعث ان کے پرچہ نامزدگی کو مسترد کردیا گیا۔ انہوں نے سکریٹری کی جانب سے انتخابات میں حصہ لینے سے متعلق مکتوب داخل نہیں کیا تھا۔ متولی اور منیجنگ کمیٹی زمرے میں جو چار امیدوار میدان میں ہیں ان میں مولانا سید اکبر نظام الدین، وسیع اللہ قادری، انور بیگ اور محمود اسد اللہ صدیقی شامل ہیں۔ مولانا اکبر نظام الدین نے دو علیحدہ اوقافی اداروں سے دو پرچہ جات نامزدگی داخل کئے۔ پرچہ جات نامزدگی سے دستبرداری کی آخری تاریخ 31 ڈسمبر ہے اور 3جنوری کو امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کردی جائے گی۔ ضرورت پڑنے پر 10 جنوری کو رائے دہی ہوگی اور اسی دن نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس زمرے میں دو ارکان کے متفقہ انتخاب کی مساعی جاری ہے اور حکومت کو یقین ہے کہ دو امیدوار انتخابی میدان سے خود کو علیحدہ کرلیں گے۔ حکومت اپنے ایک تائیدی امیدوار کو متولی اور منیجنگ کمیٹی زمرے میں منتخب کرنے کوشاں ہے۔